
(ویب ڈیسک )آسٹریلیا کے ریاست کوئنزلینڈ کے ٹاؤنس ول ایئرپورٹ پر مسافر طیارے اور ایک وین کے درمیان تصادم ہوتے ہوتے رہ گیا، جس کے بعد حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، یہ واقعہ گزشتہ ہفتے 7 اکتوبر کو پیش آیا، جب جیٹ اسٹار ایئرلائن کا ایئربس اے 320 طیارہ برسبین سے ٹاؤنس ول پہنچ رہا تھا۔
آسٹریلوی ٹرانسپورٹ سیفٹی بیورو کے مطابق، طیارے کے عملے نے لینڈنگ کے دوران ایک وین کو رن وے میں داخل ہوتے دیکھا۔ طیارہ جب زمین سے تقریباً 50 فٹ کی بلندی پر تھا تو وین رن وے کے کنارے پر رک گئی۔
یہ بھی پڑھیں:طیارے کی ہنگامی لینڈنگ!بڑا فضائی حادثہ ٹل گیا
آسٹریلوی ٹرانسپورٹ سیفٹی بیورو نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ وین رن وے میں کیسے داخل ہوئی اور ایئرپورٹ کے حفاظتی انتظامات میں کسی قسم کی کوتاہی تو نہیں ہوئی۔
یہ واقعہ آسٹریلیا میں حالیہ عرصے کے دوران پیش آنے والے دیگر فضائی حفاظتی واقعات کے تناظر میں بھی اہمیت اختیار کرگیا ہے۔
تاحال دستیاب رپورٹ میں کسی جانی نقصان یا طیارے کو نقصان پہنچنے کی اطلاع نہیں دی گئی۔ واقعے کی مزید تفصیلات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آسکتی ہیں۔

