حکومت بلوچستان نے موسم سرما کے دوران سرکاری دفاتر کے نئے اوقات کار کا اعلان کر دیا، جن کا اطلاق 15 اکتوبر 2026 سے 14 اپریل 2027 تک ہوگا۔
محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پیر سے جمعرات تک سرکاری دفاتر صبح ساڑھے 8 بجے سے شام 4 بجے تک کھلے رہیں گے، جبکہ نماز اور دوپہر کے کھانے کے لیے 1:30 سے 2 بجے تک وقفہ ہوگا۔
اعلامیے کے مطابق جمعہ کے روز سرکاری دفاتر کے اوقات کار صبح 8:30 بجے سے سہ پہر 3:30 بجے تک ہوں گے، جبکہ نمازِ جمعہ اور دوپہر کے کھانے کے لیے 1:15 سے 2:15 بجے تک وقفہ رکھا گیا ہے۔ نئے شیڈول کے تحت ہفتہ اور اتوار کو سرکاری دفاتر بند رہیں گے، جس کے باعث ہفتہ وار دو تعطیلات ہوں گی۔
ذرائع کے مطابق موسم سرما کے نئے دفتری اوقات کا اطلاق اسپتالوں اور تعلیمی اداروں پر نہیں ہوگا۔ یونیورسٹیوں، کالجز اور اسکولوں کے اوقات کار اس شیڈول سے مستثنا رہیں گے۔
محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم کے منسلک دفاتر چھ روزہ بنیاد پر کام کریں گے۔ ان دفاتر میں پیر سے جمعرات اور ہفتہ کو صبح 8:30 بجے سے دوپہر 2:30 بجے تک دفتری امور انجام دیے جائیں گے، جبکہ جمعہ کے روز اوقات کار صبح 8:30 بجے سے دوپہر 12:30 بجے تک ہوں گے۔
حکومت بلوچستان کی جانب سے موسم سرما کے لیے جاری کیے گئے نئے دفتری اوقات کا مقصد سرکاری دفاتر کے معمولات کو موسمی حالات کے مطابق ترتیب دینا ہے۔
Source link

