ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے سعودی عرب ملازمت کے نام پر ساڑے چار لاکھ روپے ہتھیانے والے ایجنٹس کے خلاف کارروائی کرکے انکوائری کے دوران ہی مکمل رقم شکایت کنندہ کو واپس دلوا دی۔
حکام کے مطابق سعودی عرب ملازمت کے نام پر شکایت کنندہ بنیامین سے 4 لاکھ 50 ہزار روپے وصول کرنے والے اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹر حفظہ اینڈ کمپنی کے تین ایجنٹس کے خلاف انکوائری شروع کی گئی تو تحقیقات سے ثابت ہوا کہ تینوں ایجنٹس نے مل کر شکایت کنندہ بنیامین کے بیٹے عمر بنیامین کو سعودی عرب میں ملازمت فراہم کرنے کا جھانسہ دیا اور 4 لاکھ 50 ہزار روپے وصول کیے۔
جب شکایت کنندہ کا بیٹا سعودی عرب پہنچا تو وہاں نہ کوئی معاہدہ تھا اور نہ ہی کوئی کمپنی جس پر اسکو واپس آنا پڑا۔ اس دوران اضافی اخراجات بھی شکایت کنندہ نے خود برداشت کیے۔
ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سیل نے تینوں ایجنٹس نوٹسز اجراء کے بعد رجوع کرنے پر انہیں باہمی معاہدے کے ذریعے رقم واپس کرنے پر پابند کیا جس پر تینوں ایجنٹس نے مجموعی طور پر 4 لاکھ 50 ہزار روپے کی مکمل رقم شکایت کنندہ کو واپس کر دی۔
شکایت کنندہ بنیامین نے رقم کی مکمل وصولی پر ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون شہزاد ندیم بخاری، ڈپٹی ڈائریکٹر اور تفتیشی افسر انسپکٹر ڈینش مسعود کا بھرپور شکریہ ادا کیا اور ان کی فعال، پیشہ ورانہ اور بروقت کارروائی کو سراہا۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون شہزاد ندیم بخاری کا کہناتھاکہ ایف آئی اے اسلام آباد زون کا عزم ہے کہ بیرونِ ملک ملازمت کے نام پر عوام کو لوٹنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور متاثرین کو انصاف دلانا ایجنسی کی اولین ترجیح ہے۔
Source link

