وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) نے کراچی میں غیرقانونی ہنڈی حوالہ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو غیرملکی کرنسی اور اہم شواہد سمیت گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے سی بی سی کراچی نے غیر قانونی ہنڈی حوالہ کے خلاف بڑی کارروائی کی اور غیر ملکی کرنسیوں اور اہم شواہد سمیت ملزم کو گرفتار کرلیا، کمرشل بینکنگ سرکل کراچی نے ہنڈی حوالہ اور غیر قانونی ترسیلاتِ زر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران عدالتی سرچ وارنٹ کی بنیاد پر کارروائی کی۔
ترجمان ایف آئی اے نے کہا کہ ایف آئی اے سی بی سی کراچی کی ٹیم نےایس ایم ڈی ایچ ایس اور صدر کراچی کے علاقے میں واقع سارہ سینٹر میں کارروائی کی، اس دوران ملزم کے قبضے سے ایسے موبائل فونز برآمد ہوئے جن میں مبینہ ہنڈی حوالہ اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج سے متعلق شواہد موجود تھے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ کارروائی کے دوران مختلف لاکھوں روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسیوں سمیت امریکی ڈالر، ایرانی ریال، ملائیشین رنگٹ، سعودی ریال، متحدہ عرب امارات کے درہم اور پاکستانی روپے بھی برآمد کرکے قانونی طریقہ کار کے مطابق تحویل میں لے لیے گئے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم کی مبینہ سرگرمیاں فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ 1947 کی متعلقہ دفعات کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتی ہیں، واقعے کے حوالے سے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل کراچی غیر قانونی ہنڈی حوالہ، غیر قانونی ترسیلاتِ زر اور کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ — ترجمان ایف آئی اے
Source link

