موٹروے ایم ٹو ساؤتھ پر فیض پور کے قریب ٹریفک حادثے میں دو افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق فیض پور کے قریب ایک آلٹو کار آگے جانے والی نامعلوم گاڑی سے ٹکرا گئی۔ اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس، ٹائیگر اسکواڈ اور ڈی ایس پی موقع پر پہنچ گئے۔
موٹروے پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو جناح اسپتال لاہور منتقل کردیا۔ ترجمان سید عمران احمد کے مطابق سیکٹر کمانڈر ایم ٹو ساؤتھ اور ڈی ایس پی بیٹ 12 بھی زخمیوں کی عیادت اور لواحقین کی مدد کے لیے اسپتال پہنچ گئے۔
دریں اثنا ڈیفنس میں کار کی موٹرسائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔حادثے کے وقت موٹرسائیکل پر دو افراد سوار تھے۔
جاں بحق ہونے والے شخص کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی جبکہ زخمی کی شناخت شہزاد کے نام سے ہوئی ہے جسے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ حادثے کے بعد کار ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔
Source link

