پوپ لیو نے سزائے موت کی سزا کو ناقابل قبول قرار دے دیا

news 1791660735 2268



news 1791660735 2268

(ویب ڈیسک)پوپ لیو  نے ہفتے کے روز سزائے موت کو ’’ناقابلِ قبول‘‘ قرار دیتے ہوئے سزائے موت کے خلاف عالمی دن کے موقع پر اپنا پیغام جاری کیا۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ان کے آبائی ملک امریکا نے فائرنگ سکواڈ کے ذریعے دی جانے والی سزائے موت کو براہِ راست نشر کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔

امریکی پوپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنی پوسٹ میں سزائے موت سے متعلق کیتھولک چرچ کی نظرثانی شدہ تعلیمات کا حوالہ دیا، جنہیں پوپ فرانسس نے متعارف کرایا تھا, ان تعلیمات کے مطابق سزائے موت کسی بھی انسان کے فطری وقار کے منافی ہے۔

پوپ لیو  نے اپنے  پیغام میں کہا کہ ’’عوامی مفاد کا تحفظ اور انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لیے سزائے موت کا سہارا لیے بغیر بھی اقدامات کیے جا سکتے ہیں، حراست کے ایسے مؤثر نظام تیار کیے جا چکے ہیں جو شہریوں کی حفاظت کرتے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ مجرموں کو اپنی اصلاح اور نجات کا امکان بھی مکمل طور پر ختم نہیں کرتے‘‘

واضح رہے کہ امریکی محکمۂ دفاع نے جمعرات کے روز اعلان کیا تھا کہ فورٹ ہڈ فوجی اڈے پر 2009 میں فائرنگ کے واقعے میں ملوث قرار دیے گئے نڈال ملک حسن کو فائرنگ سکواڈ کے ذریعے دی جانے والی سزائے موت براہِ راست نشر کی جائے گی۔

 نڈال ملک حسن کو 3 دسمبر کو فورٹ ہڈ میں سزائے موت دیئے جانے کا شیڈول ہے، انہیں 13 افراد کے قتل اور 32 دیگر کو زخمی کرنے کے جرم میں سزا سنائی گئی تھی۔

پوپ لیو نے اپنے پیغام میں مجوزہ سزائے موت یا اس سے قبل ریاست ٹینیسی میں زہریلا انجیکشن دے کر سزائے موت پر عمل درآمد کی ناکام کوشش کا براہِ راست ذکر نہیں کیا، جس کے بعد امریکا میں سزائے موت کے حوالے سے بحث دوبارہ شروع ہوگئی ہے۔

یاد رہے کہ ہفتے کے روز سزائے موت کے خلاف عالمی دن منایا گیا، اس موقع پر پوپ کے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے پیغامات جاری کرنا معمول کا حصہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں :اے آئی کی شرارت، امریکی پولیس کو قتل کیس میں جعلی اطلاع





Source link

متعلقہ پوسٹ