اسلام آباد:
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے مکہ دفاعی اتحاد کے پہلے سیکرٹری جنرل لیفٹیننٹ جنرل (ر)نعمان محمود نے ملاقات کی، جس میں دفاعی تعاون اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے عہدہ سنبھالنے پر جنرل (ر) نعمان محمود کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مکہ امن معاہدہ خطے میں امن، اتحاد اور استحکام کے فروغ کے لیے ایک تاریخی سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ مکہ دفاعی معاہدے کے تحت پاکستان، سعودی عرب کی خودمختاری، دفاع اور علاقائی سلامتی کے تحفظ کے لیے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ انہوں نے سعودی عرب کے اپنے دفاع کے جائز حق کی مکمل حمایت کرتے ہوئے اس سلسلے میں پاکستان کے اصولی مؤقف کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات کے دوران مکہ دفاعی معاہدے کے فریم ورک کے تحت دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور تزویراتی تعاون کو فروغ دینے سے متعلق امور بھی زیرِ بحث آئے۔
ملاقات میں مکہ دفاعی اتحاد کے سیکرٹری جنرل لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود نے وزیراعظم کو معاہدے کے فریم ورک کے تحت دفاعی اور تزویراتی تعاون آگے بڑھانے کے لیے مرتب کردہ حکمت عملی سے آگاہ کیا۔

