فرانس میں طلبہ کے احتجاج جاری، گریٹا تھمبرگ نے شرکت کی

fra 131026 d


پیرس: فرانس بھر میں ہزاروں طلبہ نے منگل کو بہتر تعلیمی سہولیات، اساتذہ کی قلت کے خاتمے اور فنڈنگ میں اضافے کے مطالبے پر ازسرنو احتجاج کیا۔ سویڈش ماحولیاتی کارکن گریٹا تھمبرگ نے پیرس کے مضافاتی علاقے سینٹ ڈینس میں پال ایلوارڈ ہائی اسکول کے باہر مظاہرین میں شرکت کی۔
وزارت داخلہ کے مطابق صبح اسکولوں کے باہر 360 اجتماعات میں 30 ہزار افراد شامل ہوئے، جبکہ دوپہر تک مارچ میں 21 ہزار شرکاء ریکارڈ کیے گئے۔ وزارت اعلیٰ تعلیم نے کہا کہ 35 فیصد تعلیمی اداروں میں ناکہ بندی، قبضے یا انتظامی بندش کے باعث خلل پڑا۔
وزیر تعلیم ایڈورڈ گیفرے نے کہا کہ تقریباً 200 اسکول بند تھے، تاہم یہ تعداد گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں کم تھی۔ طلبہ نے پیرس، لیون، رینس، اسٹراسبرگ اور نانٹیس سمیت متعدد شہروں میں مارچ اور اسکولوں کی ناکہ بندی کی۔
احتجاج کے دوران کئی مقامات پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں اور آنسو گیس استعمال کی گئی۔ فرانس کی ہیومن رائٹس لیگ نے مبینہ پولیس تشدد سے متعلق تقریباً 100 شکایات موصول ہونے کی اطلاع دی، جبکہ پولیس نے متعدد تحقیقات شروع کی ہیں۔
گریٹا تھمبرگ نے پولیس کے رویے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نوجوان مظاہرین کی حفاظت کرنی چاہیے۔ صدر ایمانوئل میکرون نے مظاہرین سے پرسکون رہنے اور افراد و املاک کا احترام کرنے کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ پوسٹ