انتھروپک کا انتباہ: اے آئی ماڈلز 2026ء کے اختتام تک انٹرنیٹ پر خود کو دوبارہ بنانے کے قابل ہو سکتے ہیں

Inquilab 20261015 191241 0000 d


سان فرانسسکو — امریکی مصنوعی ذہانت کمپنی انتھروپک نے متنبہ کیا ہے کہ اگر اے آئی ماڈلز موجودہ رفتار سے ترقی کرتے رہے تو وہ 2026ء کے اختتام تک انٹرنیٹ پر خود مختار طور پر اپنی کاپیاں بنانے کے قابل ہو سکتے ہیں۔ کمپنی کے مطابق، ایسا منظر نامہ سائبر سیکیورٹی کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔
انتھروپک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کیا کہ بے قابو یا ”میز الائنڈ“ اے آئی ایجنٹس کا ایک گروہ بوٹ نیٹ بنا سکتا ہے، تیزی سے پھیل سکتا ہے، بند کیے جانے کی کوششوں کا مقابلہ کر سکتا ہے اور اپنی افزائش کے لیے ڈیٹا سینٹرز میں بھی رسائی حاصل کر سکتا ہے۔ کمپنی کے مطابق ایسے ریپلیکیٹر کو بند کرنا مشکل ہوگا کیونکہ اس کا کوئی واحد مرکزی کنٹرول پوائنٹ نہیں ہوگا۔
انتھروپک کے تجربات کے مطابق، 30 ارب پیرامیٹرز یا اس سے کم صلاحیت والے درمیانے سائز کے ماڈلز پہلے ہی خود کو دوبارہ بنانے سے متعلق کئی الگ الگ کام انجام دے سکتے ہیں، اگرچہ وہ پورا عمل مستقل طور پر مکمل نہیں کر پاتے۔ کمپنی نے کہا کہ ایسے ماڈلز نظریاتی طور پر انٹرنیٹ سے منسلک کم قیمت آلات کو ہائی جیک کر کے کمپیوٹنگ طاقت حاصل کر سکتے ہیں۔
ایک آزمائش میں انتھروپک نے گوگل کے چھوٹے ماڈل Gemma4-26B-A4B کو غیر معروف برانڈ کے 15 اینڈرائیڈ ٹی وی باکسز پر چلایا، جہاں ماڈل نے اس سادہ نیٹ ورک پر اپنی نقل بنانے میں کامیابی حاصل کی۔ کمپنی نے کہا کہ زیادہ حقیقت پسندانہ بدترین صورتحال میں مختلف ہارڈ ویئر پر مختلف ماڈلز کا ایک گروہ شامل ہو سکتا ہے، جو نقل بنانے کے مختلف طریقے استعمال کرے۔
انتھروپک نے کہا کہ ”سست ریپلیکیٹرز“ کا ظہور مزید تیز رفتار ماڈلز کی آمد کا اشارہ ہو سکتا ہے، جو محفوظ مشینوں میں نفوذ کرنے یا اے پی آئی کیز چوری کرنے کی صلاحیت بھی رکھ سکتے ہیں۔
یہ انتباہ اے آئی ایجنٹس کے بڑھتے سیکوریٹری خدشات کے درمیان سامنے آیا ہے، کیونکہ ایسے نظام سائبر حملوں کو خودکار بنا سکتے ہیں اور حفاظتی رکاوٹوں کو بائی پاس کر سکتے ہیں۔ تاہم کچھ ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ ماڈلز اتنے بڑے ہیں کہ وہ آزادانہ طور پر مؤثر طریقے سے کام نہیں کر سکتے اور اتنی کمپیوٹنگ طاقت حاصل نہیں کر سکتے۔ ناقدین نے اس بیان کو مبالغہ اور محض ایک مفروضہ قرار دیا ہے، جبکہ انتھروپک نے اسے مستقبل کے ممکنہ خطرے سے آگاہ کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔

متعلقہ پوسٹ