حکومت کی جانب سے ملک میں مسلسل 9 ہفتے مہنگائی میں اضافے کے بعد حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں معمولی کمی اور مہنگائی کی شرح میں اضافے کی رفتار میں 0.04 فیصد کمی کے دعوؤں کے باوجود اس دوران 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی پر جاری ہفتہ وار رپورٹ کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں 9 ہفتے مہنگائی کے بعد گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں معمولی کمی ہوئی اور مہنگائی کی شرح میں اضافے کی رفتار میں 0.04 کمی ہوئی ہے اور سالانہ بنیادوں پر مہنگائی میں اضافے کی رفتار بھی کم ہوکر11.38 ہوگئی، ایک ہفتے میں میں 23 اشیائے ضروریہ مہنگی، 7 اشیا سستی اور 21 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
اعداد وشمار میں بتایا گیا کہ حالیہ ہفتے چکن کی قیمت میں3.31فیصد، دال چنا کی قیمت میں4.97 فیصد، دال ماش کی قیمت میں 0.98 فیصد، دال مسور کی قیمت میں 0.65 فیصد، ایل پی جی کی قیمت میں 0.42 فیصد، ڈیزل کی قیمت میں 0.47 فیصد، جلانے والی لکڑی کی قیمت میں 0.69 فیصد، چائے کی قیمت میں 0.28 فیصد اور آٹے کی قیمت میں 3.36 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں چینی کی قیمتوں میں 0.62 فیصد،گڑ کی قیمت میں0.36 فیصد، پیازکی قیمت میں 4.90 فیصد، ٹماٹر کی قیمت میں 23.05 فیصد، پیٹرول کی قیمت میں 0.70 فیصد اور کیلےکی قیمت میں 2.59 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔
اعدادوشمار میں بتایا گیا کہ حالیہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریے کے لحاظ سے سالانہ بنیاد پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار0.06 فیصد کمی کے ساتھ 8.19 فیصد، 17 ہزار 733روپے سے 22 ہزار 888روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی میں اضافے کی رفتار 0.04 فیصد کمی کے ساتھ10.11 فیصد رہی۔
اسی طرح 22 ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار0.01 فیصد کمی کے ساتھ 8.99 فیصد، 29 ہزار 518 روپے سے 44 ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار0.02 فیصدکمی کے ساتھ 9.54 فیصد رہی۔
ادارہ شماریات نے بتایا کہ 44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار 0.06 فیصد کمی کے ساتھ 12.09 فیصد رہی ہے۔
Source link

