بنگلورو میں احتجاجی مظاہروں کے دوران سی جے پی کے بانی ابھیجیت دیپکے کے ساتھ دھرو راٹھی۔ تصویر:پی ٹی آئی
دھرو راٹھی کے خلاف 2018 کے ایک کیس میں یہ ضمانتی وارنٹ اس وقت جاری کیا گیا ہے، جب وہ ملک کے مختلف حصوں میں ایس آئی آر اور چیف الیکشن کمشنر کے خلاف جاری احتجاجی مظاہروں کی حمایت کر چکے ہیں۔
نئی دہلی: دہلی کی ایک عدالت نے سال 2018 کے ہتک عزت کے معاملے میں یوٹیوبر دھرو راٹھی کے خلاف ضمانتی وارنٹ جاری کیا ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق، یہ معاملہ مئی 2018 میں دھرو راٹھی کےایک ویڈیو سے متعلق ہے۔ الزام ہے کہ اس ویڈیو میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)کے آئی ٹی سیل نے انہیں بدنام کرنے کے لیے ایک شخص کو رشوت دینے کی کوشش کی تھی۔
یہ ویڈیو دھرو راٹھی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پوسٹ کیا گیا تھا، جسے دہلی کے اس وقت کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے ری ٹوئٹ کیا تھا۔
معاملے میں شکایت کرنے والے وکاس سانکرتیائن عرف وکاس پانڈے نے اس ویڈیو اور اس کی تشہیر کے معاملے میں دھرو راٹھی اور اروند کیجریوال کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا۔
اس سے پہلے12اکتوبر کو ساکیت عدالت کے ایک جوڈیشیل مجسٹریٹ نے دھرو راٹھی کے خلاف نئے سرے سے سمن جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔ شکایت کرنے والے نے عدالت کو بتایا تھا کہ معاملہ شروع ہونے کے بعد سے دھرو راٹھی تک سمن پہنچانے کی باربار کوشش کی گئی، لیکن تمام کوششیں ناکام رہیں۔
شکایت کنندہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ دھرو راٹھی بیرون ملک رہتے ہیں، جس کی وجہ سے کئی برسوں تک انہیں سمن نہیں بھیجا جا سکا۔ تاہم، عدالت کو بتایا گیا کہ جس وقت یہ واقعہ پیش آیا تھا، اس وقت دھرو راٹھی ہندوستان میں تھے اور ہریانہ کے گروگرام کے ایک پتے پر مقیم تھے۔
مجسٹریٹ نے پایا کہ دھرو راٹھی کے خلاف پہلی بار 23جولائی 2019 کو سمن جاری کیا گیا تھا۔
معاملے کی اگلی سماعت 17اکتوبر 2026کو طے کی گئی تھی، جس دن عدالت نے دھرو راٹھی کے خلاف ضمانتی وارنٹ جاری کیے۔
واضح ہوکہ دھرو راٹھی کے خلاف یہ حکم ایسے وقت میں آیا ہے، جب وہ ملک کے مختلف حصوں میں ایس آئی آر اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف جاری احتجاجی مظاہروں کی حمایت کر چکے ہیں۔ وہ بنگلورو میں سی جے پی کی قیادت میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں بھی شرکت کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ، 10 اکتوبر کو دہلی میں سی جے پی کی اپیل پر ہونے والے مظاہروں کے دن دھرو راٹھی کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔
ایک اور معاملے میں بھی ہتک عزت کا مقدمہ
اخبار کے مطابق، ایک الگ معاملے میں بھی دھرو راٹھی کو ساکیت عدالت میں ہتک عزت کے مقدمے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ یہ معاملہ ان کے ایک ویڈیو سے متعلق ہے، جس میں مبینہ طور پر دعویٰ کیا گیا تھا کہ بھگوان رام اور دیوی سیتا نے اپنے بن باس کے دوران گوشت اور شراب کا استعمال کیا تھا۔
شکایت کرنے والوں نے الزام لگایا تھا کہ اس ویڈیو سے ان کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ہیں۔

