کراچی:
ایف آئی اے نے کینیڈا اور بحرین کے دو جعلی ویزا فراڈ پکڑلیے جس میں متاثرین کو 19 لاکھ واپس دلادیے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے امیگریشن فراڈ کے متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف دو اہم کارروائیاں کی ہیں۔
ٹیم نے کینیڈا امیگریشن فراڈ کی رقم متاثرہ شہری کو واپس دلادی، ایک امیگریشن کنسلٹنٹ نے کینیڈا امیگریشن میں معاونت کے نام پر شکایت کنندہ اجمل خان سے 11 لاکھ روپے وصول کیے تھے۔ انکوائری اور تفتیش کے دوران مذکورہ رقم کامیابی سے برآمد کرکے متاثرہ شہری کو واپس کر دی گئی جس سے اسے مالی ریلیف فراہم ہوا۔
ترجمان کے مطابق رقم کی واپسی تفتیشی ٹیم کی کوششوں اور شکایت کنندہ کے مفادات کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات کا نتیجہ ہے، معاملے میں قانونی تقاضوں کے مطابق کارروائی کی گئی۔
انسانی اسمگلنگ پر ایک ملزم گرفتار، بحرین ورک ویزا فراڈ کا انکشاف
ایف آئی اے کی دوسری کارروائی میں ایف آئی اے، اے ایچ ٹی سی کراچی نے انسانی اسمگلنگ کے مقدمے میں ملزم یاسین خان کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کے خلاف ایف آئی آر پریونشن آف اسمگلنگ آف مائیگرنٹس ایکٹ 2018 کی دفعات 3/4 کے تحت درج ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے شہری کو بحرین کا ورک ویزا فراہم کرنے کے نام پر مجموعی طور پر 8 لاکھ روپے طے کیے، جن میں سے 5 لاکھ 20 ہزار روپے پیشگی وصول کیے گئے۔ ویزے سے متعلق شبہات کے باعث شہری کو سفر کی اجازت نہ دی گئی اور بعد ازاں AHTC کے حوالے کر دیا گیا۔
ایف آئی اے کی جانب سے کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔.

