قاہرہ: مصر میں ایک نومولود بچے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی ہے، جس میں وہ پیدائش کے چند منٹ بعد غیر معمولی طور پر پرسکون انداز میں لیٹا نظر آ رہا ہے۔
ویڈیو میں بچہ دونوں ہاتھ سر کے پیچھے رکھے اور ایک ٹانگ دوسری پر رکھے ہوئے دکھائی دیتا ہے، جبکہ قریب موجود طبی عملہ اس کی معائنہ کر رہا ہے۔ بچے کے چہرے پر پرسکونی کے آثار نمایاں ہیں اور وہ رونے یا بےچینی کے بجائے آرام دہ انداز میں لیٹا ہوا نظر آتا ہے۔
یہ کلپ قاہرہ میں خدمات انجام دینے والے ماہرِ اطفال و نومولود ڈاکٹر اسلام الدیح نے شیئر کیا، جنہوں نے بچے کے اس انداز کو ’شاہی پوز‘ قرار دیا۔
ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین نے مزاحیہ تبصرے کیے اور کہا کہ بچہ دنیا میں آنے کے بعد ہی آرام اور سکون کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ رپورٹس کے مطابق ویڈیو کو لاکھوں ویوز اور ہزاروں تبصرے ملے۔
تاہم کچھ صارفین نے ڈاکٹر کی جانب سے نومولود کی ویڈیو شیئر کرنے پر طبی اخلاقیات اور بچے کی رازداری کے حوالے سے تحفظات بھی ظاہر کیے ہیں۔

