غزہ میں اسرائیلی حملوں میں 5 افراد جاں بحق

israel army gaza d


غزہ کے مختلف علاقوں میں منگل کو اسرائیلی بمباری اور فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد جاں بحق اور متعدد دیگر زخمی ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک بچہ اور ایک شہری اور اس کی اہلیہ شامل ہیں، جبکہ عمارتوں کو دھماکوں سے تباہ کرنے اور شدید فائرنگ کا سلسلہ بھی جاری رہا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق خان یونس کے جنوب میں ’ہیپی سٹی‘ ریسورٹ کے قریب اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے مجدی محمد فخری حسن نامی بچہ جاں بحق ہو گیا۔ شہر کے مغرب میں نمساوی کے علاقے میں فائرنگ سے ایک شہری زخمی ہوا، جبکہ جنوب میں القرارہ کے علاقے میں ایک اور بچہ زخمی ہو گیا۔
غزہ شہر میں الشفاء میڈیکل کمپلیکس کے قریب ایک رہائشی اپارٹمنٹ کو اسرائیلی طیاروں نے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک شہری اور اس کی اہلیہ جاں بحق ہو گئے۔
خان یونس میں اسرائیلی فوج کی بکتر بند گاڑیوں نے شہر کے شمال مشرق میں شارع صلاح الدین پر العبارہ اسٹریٹ کے قریب شدید فائرنگ کی۔ فوج نے شہر کے مشرقی اور جنوبی حصوں میں عمارتوں کو دھماکوں سے تباہ کرنے کی دو بڑی کارروائیاں بھی کیں۔ جنوبی علاقوں کو گولہ باری کا نشانہ بنایا گیا، جبکہ المواصی کے علاقے میں زبردست فائرنگ کی گئی۔
اسرائیلی فوج نے غزہ شہر کے شمال مشرق میں التفاح محلے کے مشرقی حصوں کو بھی نشانہ بنایا۔ فوجی گاڑیوں سے شدید فائرنگ جاری رہی، جبکہ اسرائیلی جنگی کشتیوں نے شہر کے ساحل کے قریب سمندر میں گولہ باری کی۔
اسرائیلی فورسز جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کر رہی ہیں اور غزہ پٹی کے مختلف علاقوں میں بمباری، فائرنگ اور مکانات و تنصیبات کو دھماکوں سے تباہ کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

متعلقہ پوسٹ