وزیراعظم کا خیبرپختونخوا کے لیے 160 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان

IMG 20261022 WA2499


پشاور: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے 160 ارب روپے فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، جن میں سے 70 فیصد فنڈز ضم شدہ اضلاع اور 30 فیصد دیگر اضلاع کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔
گورنر ہاؤس پشاور میں قبائلی اضلاع کے نمائندوں اور مشران سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عوام کے وسائل کا ایک ایک پیسہ ترقی اور خوشحالی پر خرچ کیا جائے گا۔ انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں رکاوٹیں فوری طور پر دور کرنے کی ہدایت دی۔
شہباز شریف نے کہا کہ قبائلی عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں اور ان کی پاکستان سے وابستگی قابلِ قدر ہے۔ انہوں نے 40 منتخب ارکان پر مشتمل قبائلی کونسل کو مکمل طور پر بااختیار بنانے کا عہد کیا۔
وزیراعظم نے گندم کی قلت دور کرنے کے لیے وفاقی تعاون کا یقین دلایا، ذخیرہ اندوزی کی ممانعت کی اور عام شہری کو وفاقی قیمت پر گندم کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
سیکیورٹی کے حوالے سے انہوں نے دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کرنے، پولیس کی صلاحیت بڑھانے، تربیت بہتر کرنے اور سیف سٹی منصوبے جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔
وزیراعظم نے پچھلی صوبائی حکومت پر پینے کے پانی کے منصوبوں میں 100 ارب روپے اور کوہستان میں 37 ارب روپے کے مبینہ فراڈ کا حوالہ دیا اور کہا کہ صوبے کے وسائل کی مبینہ لوٹ مار پر قابو پایا جائے گا۔
اس موقع پر چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وفاقی کابینہ کے اراکین بھی موجود تھے۔

متعلقہ پوسٹ