کراچی، پولیس کے نااہلی یا غیر تربیت یافتہ اہلکار، ایک اور شہری پر گولیاں برسا دیں

shorem1792888326 0



کراچی:

ناظم آباد میں پولیس اہلکاروں نے ڈاکو سمجھ کر موٹر سائیکل سوار نوجوانوں پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں شوریم نامی نوجوان زخمی ہوگیا۔ اہل خانہ کے مطابق پولیس اہلکار زخمی نوجوان کو عباسی شہید اسپتال چھوڑ کر چلے گئے جس کے بعد اسے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں وہ زیر علاج ہے۔

ایکسپریس نیوز کو موصول ہونے والے زخمی نوجوان شوریم کے بیان کے مطابق وہ رات کے وقت ایک گلی سے موٹر سائیکل پر گزر رہا تھا کہ عقب سے 125 موٹر سائیکل کی آواز آئی۔ خوف کے باعث اس نے موٹر سائیکل تیز کرنے کی کوشش کی تو پیچھے آنے والے پولیس اہلکاروں نے فائرنگ کردی، جس سے ایک گولی اس کی پیٹھ میں لگی۔

شوریم کے مطابق پولیس اہلکاروں نے اسے زخمی حالت میں اپنی موٹر سائیکل پر بٹھایا اور کسی کو فون کرکے بتایا کہ ڈاکو پکڑ لیا ہے۔ اہلکاروں نے اس پر اسلحہ پھینکنے کا الزام بھی عائد کیا، تاہم بعد میں اسے عباسی شہید اسپتال چھوڑ کر چلے گئے۔

زخمی نوجوان کے کزن محمد طیب نے جناح اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ناظم آباد نمبر 3 کا رہائشی ہے اور واقعے کے وقت اپنے کزن شوریم کے ساتھ موٹر سائیکل کا کام کروا رہا تھا۔

ناظم آباد نمبر 2 کے قریب پولیس اہلکار پیچھے سے آئے اور تین فائر کیے، جن میں سے دو گولیاں اس کی ٹانگوں کے قریب سے گزریں جبکہ ایک گولی شوریم کو لگی۔

محمد طیب کے مطابق پولیس اہلکار زخمی شوریم کو موٹر سائیکل پر بٹھا کر لے گئے۔ محلے کے لوگ جمع ہوئے تو انہوں نے اہلکاروں کو بتایا کہ دونوں ڈاکو نہیں بلکہ علاقے کے رہائشی ہیں۔ طیب نے الزام لگایا کہ پولیس اہلکار ان کی موٹر سائیکل اور موبائل فون بھی لے گئے۔

شوریم کی والدہ نے جناح اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں فون پر اطلاع ملی کہ ان کے بیٹے کو گولی لگ گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شوریم ان کا اکلوتا بیٹا اور گھر کا واحد کفیل ہے، جس کی سرینا موبائل مارکیٹ میں دکان ہے اور جلد شادی ہونے والی تھی۔

والدہ نے بتایا کہ ان کے بیٹے کی پیٹھ پر گولی لگی ہے اور وہ جناح اسپتال میں زیر علاج ہے۔ ان کے مطابق واقعے کے بعد کسی پولیس افسر نے اہل خانہ سے رابطہ نہیں کیا۔

شوریم کی والدہ نے آئی جی سندھ، وزیراعلیٰ سندھ اور دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ واقعے کا نوٹس لے کر ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔





Source link

متعلقہ پوسٹ