اسلام آباد:
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے ملاقات کی، جس میں سی پیک، تجارت اور علاقائی امن سمیت دیگر امور پر گفتگو کی گئی۔
ترجمان وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی پیش رفت اور باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں اسحاق ڈار نے پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط اور لازوال اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری میں مسلسل پیش رفت کو سراہا۔ اس تعاون میں پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک)، علاقائی رابطوں کے فروغ، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبے شامل ہیں۔
ملاقات کے دوران زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط بڑھانے کے حوالے سے جاری تعاون کا بھی جائزہ لیا گیا۔
نائب وزیراعظم نے نئے دور میں پاکستان اور چین کے درمیان مشترکہ مستقبل کی حامل کمیونٹی کے تصور کو آگے بڑھانے کے لیے اعلیٰ سطح کے مسلسل تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورت حال سے متعلق امور پر بھی اپنے خیالات کا تبادلہ کیا۔ اس موقع پر خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت کی توثیق کی گئی۔

