کراچی:
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے اپنے فضائی آپریشن میں اہم سنگ میل عبور کرلیا، پہلی بار بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیارے پاکستان کے فضائی آپریشن کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے نے نورس اٹلانٹک ایئرلائن سے حاصل کردہ دونوں طیارے برطانیہ اور یورپ کے فضائی آپریشن کے لیے حاصل کیے ہیں۔ پاکستان آمد سے قبل پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے طیاروں کی ضروری جانچ پڑتال شروع کی، جبکہ پہلے طیارے کی انسپیکشن مکمل کرکے آپریشن کی اجازت دے دی گئی ہے۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل نادر شفیع ڈار کی سربراہی میں وفد نے اوسلو ایئرپورٹ پر طیارے کا معائنہ کیا۔ جانچ پڑتال مکمل ہونے کے بعد پہلے طیارے کو پاکستان کے لیے آپریشن کی اجازت دے دی گئی، جبکہ دوسرے طیارے کا معائنہ پیر کو اوسلو ایئرپورٹ پر کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں طیاروں کی انسپیکشن مکمل ہونے کے بعد انہیں لندن روانہ کیا جائے گا۔ پی آئی اے 31 اکتوبر کو بوئنگ 787 ڈریم لائنر کے ذریعے لندن سے اسلام آباد کے لیے پرواز پی کے 786 آپریٹ کرے گی، جو یکم نومبر کو مسافروں کو لے کر اسلام آباد پہنچے گی۔
بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیارے میں 358 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ نئے طیاروں کی شمولیت سے مسافروں کو بہتر اور معیاری سفری سہولتیں فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے 31 اکتوبر کو جدید طیارے کے ساتھ اپنے نئے یونیفارم بھی متعارف کرائے گی۔ قومی ایئرلائن نے یہ دونوں طیارے ابتدائی طور پر چھ ماہ کے لیے ویٹ لیز پر حاصل کیے ہیں۔

