مکہ معاہدے کے رکن ممالک کی ایرانی قیادت سے ملاقات، فیلڈ مارشل تہران پہنچ گئے


تہران میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے رکن ممالک پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے اعلیٰ حکام نے ایرانی قیادت سے ملاقات کی۔ پاکستانی وفد کی قیادت چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کر رہے ہیں۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ایکس پر جاری بیان میں تصدیق کی ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر ایران کے سرکاری دورے پر تہران میں موجود ہیں۔
ملاقات میں سعودی عرب کی نمائندگی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان جبکہ ترکیہ کی نمائندگی انٹیلی جنس سربراہ ابراہیم قالن نے کی۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اجلاس میں شریک تھے۔
اجلاس میں علاقائی سلامتی، بڑھتی ہوئی کشیدگی، جاری جنگ اور علاقائی تعاون کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ سعودی حکام کے مطابق یہ ملاقات خطے میں کشیدگی کم کرنے اور بحران کے پرامن حل کی کوششوں کا حصہ ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کے مطابق چار ملکی اجلاس کی تجویز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دی تھی، جسے ایران نے قبول کیا۔
یہ ایران اور مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے رکن ممالک کے درمیان موجودہ تنازع کے دوران اعلیٰ سطح کا پہلا براہِ راست رابطہ قرار دیا جا رہا ہے۔

متعلقہ پوسٹ