پشاور:
ایف آئی اے پشاور زون نے پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے حصول میں مبینہ فراڈ کے الزام میں 4 افغان باشندوں کو گرفتار کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ایف آئی اے پشاور زون کو مصدقہ اطلاع موصول ہوئی کہ افغان باشندے پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ غیر قانونی طریقے سے حاصل کرنے کے لیے ایجنٹوں کے ذریعے اسپن غر ہاسٹل، شاہین ٹاؤن پشاور میں مقیم ہیں۔
اطلاع ملنے پر ایف آئی اے، اے ایچ ٹی سی پشاور کی ٹیم نے مذکورہ مقام پر چھاپہ مار کر 4 افغان باشندوں کو گرفتار کر لیا۔ جن کی شناخت صدیق اللہ، رحمت اللہ، عبداللہ اور ناصر کے ناموں سے ہوئی اور ان کا تعلق افغانستان سے ہے۔
ملزمان کے قبضے سے ان کی تصاویر والے پاکستانی قومی شناختی کارڈز کی نقول برآمد کرکے قبضے میں کر لی گئیں، ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے انکشاف کیا کہ انہوں نے مبینہ طور پر طلعت عرف پیر نامی ایجنٹ کی مدد سے پاکستانی شناختی کارڈ حاصل کیے تھے جب کہ ملزمان پاکستانی ویزا بھی پیش نہ کرسکے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف ایف آئی اے، اے ایچ ٹی سی پشاور میں مقدمہ نمبر 208/2026 بجرم دفعات 419، 420، 468، 471 اور 109 تعزیراتِ پاکستان، بمعہ دفعہ 14 فارنرز ایکٹ 1946، درج کر لیا گیا ہے۔۔

