پاکستان کیلئے 500 ملین ڈالر کی ایم آئی جی اے ضمانت یافتہ تجارتی مالیاتی سہولت کا اہم اقدام

finance minister1731479309 0



وفاقی حکومت نے عالمی مالیاتی اداروں کے تعاون سے بیرونی مالی وسائل کے حصول کے لیے ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے 500 ملین ڈالر کی ایم آئی جی اے (ایم آئی جی اے) ضمانت یافتہ تجارتی مالیاتی سہولت کے لیے تین عالمی بینکوں کامرز بینک، جے پی مورگن اور اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کا انتخاب کر لیا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بین الاقوامی بینکوں کے کنسورشیم کی اعلیٰ قیادت اور عالمی بینک گروپ کے ذیلی ادارے ملٹی لیٹرل انویسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی (ایم آئی جی اے) کے نمائندوں کے ساتھ ورچوئل اجلاس کیا، جس میں مجوزہ مالیاتی سہولت اور اس کے عملی پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارت خزانہ کے مطابق اس سہولت کے لیے 9 بین الاقوامی مالیاتی اداروں سے مسابقتی بولیاں موصول ہوئی تھیں جن کا جائزہ لینے کے بعد حکومت نے بہترین اور مسابقتی مالیاتی شرائط کی بنیاد پر مذکورہ تین بینکوں کو فنانسنگ پارٹنرز منتخب کیا ہے، ایک سالہ اس سہولت کی مدت میں مسلسل بنیادوں پر 1+1+1 سال کے تحت توسیع کی جا سکے گی جبکہ اس کے ذریعے ضروری درآمدات اور تجارت سے متعلق اخراجات کی مالی معاونت کی جائے گی۔

بیان میں کہ یہ لین دین پاکستان کی تاریخ میں ایم آئی جی اے کے ٹریڈ فنانس پروگرام کے تحت پہلا کریڈٹ انہانسمنٹ ٹرانزیکشن ہوگا جبکہ کامرز بینک اور جے پی مورگن کی جانب سے حکومت پاکستان کو تجارتی بنیادوں پر قرض فراہم کرنے میں بھی یہ پہلی شرکت ہے۔

وزارت خزانہ نے بتایا کہ بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی جانب سے اس سہولت میں بھرپور دلچسپی پاکستان کے بہتر ہوتے معاشی امکانات اور پائیدار اقتصادی ترقی کی جانب پیش رفت پر بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔

اس حوالے سے مزید بتایا گیا کہ اس اقدام سے کثیرالجہتی اداروں کے رسک مینجمنٹ اور ضمانتی نظام کے ذریعے نجی بین الاقوامی سرمایہ کاری متحرک کرنے، بیرونی مالی وسائل کے ذرائع میں تنوع لانے اور جدید مالیاتی طریقہ کار متعارف کرانے میں مدد ملے گی جبکہ حکومت قرضوں کے محتاط انتظام اور مالیاتی ذمہ داریوں کو بھی ملحوظ خاطر رکھے گی۔

وزارت خزانہ نے تمام شریک مالیاتی اداروں کی دلچسپی، کاوشوں اور تعاون کو سراہتے ہوئے کامرز بینک، جے پی مورگن اور اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کے ساتھ دیرپا اور مضبوط روابط استوار کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

مزید بتایا گیا کہ حکومت پاکستان اب ایم آئی جی اے اور منتخب بینکوں کے ساتھ مل کر اس مالیاتی معاہدے کو بروقت عملی شکل دینے کے لیے کام کرے گی۔



Source link

متعلقہ پوسٹ