واشنگٹن: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وینزویلا شاید جلد امریکہ کی 51ویں ریاست بن جائے۔ ان کے مطابق اس سے یہ ایک خوشحال ملک بن سکتا ہے۔
منگل کو ٹیکساس کی کارپس کرسٹی بندرگاہ پر انتخابی ریلی سے خطاب میں ٹرمپ نے کہا کہ وینزویلا ایک خوشحال ملک بنے گا اور کون جانتا ہے، شاید جلد ہی یہ امریکہ کی خوشحال 51ویں ریاست بن جائے۔ انہوں نے کہا، "آئیے، اسے 51ویں ریاست بناتے ہیں،” اور مزید کہا کہ پھر وہاں صدر کے بجائے گورنر کے انتخاب ہوں گے۔
قریب کھڑے ایک جہاز کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس میں وینزویلا سے لایا گیا 10 لاکھ بیرل تیل ہے، اور اسے امریکہ کی تاریخ کی سب سے بڑی تیل کامیابی قرار دیا۔ ان کا دعویٰ تھا کہ حالیہ تنازع میں کامیابی کے بعد یہ تیل امریکی ٹیکس دہندگان پر کوئی بوجھ ڈالے بغیر امریکہ کو مل رہا ہے۔ اس سے چند گھنٹے قبل جوائنٹ بیس اینڈریوز میں صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ امریکہ نے وینزویلا پر کامیابی سے کنٹرول حاصل کر لیا ہے اور وہاں سے یہ تیل تحفے کے طور پر بھیجا گیا ہے۔
ریلی میں وزیر خارجہ مارکو روبیو بھی موجود تھے، جنہوں نے کہا کہ دنیا کے عظیم ترین ملک کے لیے کام کرنا اعزاز ہے۔ ٹرمپ نے مذاق میں کہا کہ روبیو کو کیوبا میں اتار دیا جائے تو وہ تقریباً 15 منٹ میں وہاں کا معاملہ حل کر دیں گے۔ ایران کے ساتھ جنگ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ نے یہ جنگ شروع نہیں کی۔

