اسلام آباد:
وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ ایران سے عراق جانے کا واحد زمینی راستہ الشیب بارڈر بند ہے، پاکستانی زائرین نوٹ کرلیں۔
اپنے بیان میں ترجمان وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ زائرین کے لیے ایران سے عراق جانے کا واحد زمینی راستہ الشیب بارڈر باضابطہ اطلاع کے مطابق 21 اکتوبر سے آمدورفت کے لیے معطل ہے، الشیب بارڈر سے مسافر، گاڑیوں اور تجارتی سامان کی آمدورفت تاحکم ثانی بند رہے گی، ایران میں موجود پاکستانی زائرین فی الحال بغداد اور نجف انٹرنیشنل ایئرپورٹس کے ذریعے عراق جا سکتے ہیں۔
ترجمان مذہبی امور نے کہا ہے کہ پاکستانی زائرین ایران کے راستے عراق جانے سے قبل نئی سفری ہدایات ضرور دیکھیں جب کہ زیارت گروپ آرگنائزر (ZGOs) پاکستانی زائرین کو بارڈر کی بندش سے فوری طور پر آگاہ کریں۔
ترجمان نے مزید کہا ہے کہ الشیب بارڈر کی بندش کے باعث پاکستانی زائرین متبادل زمینی راستہ استعمال نہیں کر سکتے، زائرین روانگی سے قبل اپنے متعلقہ زیارت گروپ آرگنائزرز سے تازہ سفری صورتحال کی تصدیق کریں۔۔

