لندن: مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث یورپی فضائی ٹریفک میں ایک لاکھ ۱۰ ہزار پروازوں کی کمی متوقع ہے، موسم گرما میں مسافروں کی زبردست مانگ کے باوجود یورپی ایوی ایشن شعبے میں ترقی کی توقعات سے کم دکھائی دی۔
ایوی ایشن ایجنسی یورو کنٹرول کی پیش گوئیوں کے مطابق، مشرق وسطیٰ میں جاری تنازعات کے باعث یورپی فضائی ٹریفک کی نمو سست ہونے کی توقع ہے، جس کے نتیجے میں ۲۰۲۶ء میں تقریباً ایک لاکھ ۱۰ ہزار پروازوں کا نقصان ہوگا۔ جبکہ موسم گرما میں مسافروں کی مضبوط مانگ کے باوجود یورپی ایوی ایشن سیکٹر نے ترقی کی توقعات سے کم کارکردگی دکھائی۔ دریں اثنا یورپی سول ایوی ایشن کانفرنس (ECAC) کے خطے میں پروازوں کی تعداد میں اس سال ایک اعشاریہ ۷ فیصد اضافے کے ساتھ ایک کروڑ ۱۲ لاکھ تک پہنچنے کی توقع ہے، جو پہلے متوقع ۲ اعشاریہ ۷ فیصد نمو سے کم ہے، جو ایک فیصد کی کمی کو ظاہر کرتا ہے۔
خطے میں ہونے والی پیش رفت جس کی وجہ سے پروازوں کے راستوں میں تبدیلی آئی اور جیٹ فیول کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، نے یورپی ایوی ایشن کے نمو کے منظر نامے کو متاثر کیا، لیکن یورو کنٹرول کو توقع ہے کہ اگلے سال نمو دوبارہ زور پکڑے گی، جس میں ۲۰۲۷ء میں ۳ اعشاریہ ۲ فیصد اضافے کے ساتھ ایک کروڑ ۱۶ لاکھ پروازوں کا تخمینہ ہے۔ تاہم اس سال کی نمو کی پیش گوئی میں کمی نے خدشات کو جنم دیا ہے کہ اگلے سال بھی پروازوں کی تعداد اندازوں سے کم رہ سکتی ہے۔
بعد ازاں یورو کنٹرول کا خیال ہے کہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال ۲۰۲۷ء کی پہلی سہ ماہی کے آخر تک مستحکم ہو جائے گی، لیکن ایک زیادہ مایوس کن منظر نامے میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ کشیدگی ۲۰۲۸ء کی پہلی سہ ماہی کے آخر تک برقرار رہے گی، جس میں ایندھن کی زیادہ قیمت اور کمزور معاشی نمو فضائی سفر کی مانگ کو محدود کر دے گی۔ تاہم آئندہ سال فضائی ٹریفک میں بحالی زیادہ نمایاں ہونے کی توقع ہے، لیکن تنظیم نے نوٹ کیا کہ ترکی اور مشرقی بحیرہ روم کے کچھ ممالک میں بحالی زیادہ مضبوط ہو سکتی ہے۔
یورو کنٹرول کے مطابق، ۲۰۲۶ء سے ۲۰۳۲ء تک یورپ بھر میں پروازوں کی تعداد میں سالانہ اوسطاً ۲ اعشاریہ ۱ فیصد اضافہ متوقع ہے، جبکہ ۲۰۳۲ء تک خطے میں پروازوں کی کل تعداد تقریباً ایک کروڑ ۲۸ لاکھ تک پہنچنے کا تخمینہ ہے۔ اگرچہ تنظیم کو توقع ہے کہ درمیانی مدت میں نمو کا منظر نامہ بڑی حد تک یکساں رہے گا، لیکن جغرافیائی سیاسی پیش رفت کی وجہ سے پروازوں کی تعداد پچھلی توقعات سے تھوڑی کم رہ سکتی ہے۔ یورو کنٹرول کی نیٹ ورک مینجمنٹ رپورٹ میں گزشتہ ماہ یورپی فضائی حدود میں روزانہ اوسطاً ۳۵ ہزار ۶۹۷ پروازیں درج کی گئیں، جو ماہ بہ ماہ ۲ اعشاریہ ۵ فیصد زیادہ ہیں۔ جبکہ مصروف ترین دن ۴ ستمبر تھا، جب یورپی فضائی حدود میں ۳۷ ہزار ۵۴۸ پروازیں درج کی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق، فضائی ٹریفک فلو مینجمنٹ کی وجہ سے کل تاخیر ۲۴ لاکھ منٹ سے کچھ زیادہ رہی۔ فضائی ٹریفک میں اضافے کے باوجود صلاحیت کی رکاوٹوں، خراب موسم اور فضائی ٹریفک مینجمنٹ کے مسائل نے آپریشنل کارکردگی کو متاثر کیا۔
مزید براں تنظیم نے کہا کہ جغرافیائی سیاسی پیش رفت، فضائی حدود کی پابندیاں، توانائی کی قیمتیں اور فضائی سفر کی مانگ آنے والے عرصے میں رجحانات کا تعین کریں گی۔

