کراچی:
فیروزآباد پولیس نے سونے کے تاجر کی شارٹ ٹرم کڈنیپنگ میں گروہ کے ایک رکن کو گرفتار کر کے اسلحہ ، ایک لاکھ 20 ہزار روپے نقد اور دیگر سامان برآمد کر لیا ۔
تفصیلات کے مطابق فیروز آباد پولیس اور شاہین فورس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب پی ای سی ایچ سوسائٹی بلاک 2 علامہ اقبال روڈ جھیل پارک کے مین گیٹ کے قریب سے گاڑی نمبر LA-7676 میں سوار ایک ملزم کو گرفتار کر کے ایک پستول بمعہ گولیاں ، ایک پرس بمعہ ایک لاکھ 20 ہزار روپے نقد ، ایک سی این آئی سی بنام ملزم اعتبار خان ولد زرناب خان ، چند وزیٹنگ کارڈ اور ایک موبائل فون برآمد کیا گیا۔
گرفتار ملزم کے خلاف ایف آئی آر نمبر 1184/2026 ، بجرم دفعہ SAA 23(i)A سندھ آرمز ایکٹ 2013 درج کر لیا ایس ایچ او فیروزآباد انسپکٹر عدیل افضال نے بتایا کہ گرفتار ملزم اعتبار خان کراچی میں شارٹ ٹرم کڈنیپنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث گروہ کا اہم رکن ہے ، جس نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ 27 اکتوبر 2026 کو سونے کے تاجر کو اغوا کر کے رقم ، اسلحہ اور موبائل لے کر چھوڑ دیا تھا، جس کا مقدمہ الزم نمبر 1178/26 بجرم دفعہ 395 کے تحت 28 اکتوبر 2026 کو فیروزآباد تھانے میں درج کرایا گیا تھا ۔
متاثرہ تاجر مدعی نعمان حسین نے مقدمہ درج کرانے کے لیے پولیس کو دیے گئے اپنے بیان میں بتایا کہ وہ بہادرآباد ٹیپوسلطان روڈ کا رہائشی ہے جبکہ اس کی طارق روڈ پر گولڈ گلیریا کے نام سے جیولری شاپ ہے ۔
مدعی نے پولیس کو بتایا کہ 27 اکتوبر کو وہ اپنی دکان بند کر کے اپنی گاڑی نمبر AZB-826 میں پیٹرول ڈلوانے کے لیے کشمیر روڈ کی طرف جا رہا تھا، جیسے ہی بالمقابل نور گراؤنڈ علامہ اقبال روڈ پی ای سی ایچ ایس بلاک 2 رات تقریباً 11 بجے پہنچا، اسی دوران عقب سے SP نمبرکا سیاہ ڈالا جس کے اوپر پولیس نما لائٹ لگی ہوئی تھی جس میں سوار 4 افراد پولیس نما یونیفارم اور ایک شخص پینٹ شرٹ پہنے تھا ، ڈالے سے میری گاڑی کو سائیڈ دے کر روکا اور اسلحہ کے زور پر مجھے اپنے ساتھ گاڑی بٹھا لیا ۔
مدعی نے اپنے بیان میں مزید بتایا کہ مجھ سے اسکول بیگ میں رکھی ہوئی رقم ڈیڑھ لاکھ روپے لے لیے اور مجھے گھماتے ہوئے روشن ٹاور کے سامنے ٹیپوسلطان روڈ پر گاڑی رکوائی ۔
مدعی نے پولیس کو اپنے بیان میں بتایا کہ اس دوران میرے گھر سے بار بار فون آرہا تھا ، ملزمان نے میرے گھر سے 2 لیڈیز طلائی چوڑیاں ، ایک جوڑی کان کی بالیاں اور ایک لیڈیز ڈائمنڈ کی انگوٹھی اور نقد رقم 40 ہزار روپے منگوا کر اپنے پاس رکھ لیے جبکہ میرے اسکول بیگ سے 2 موبائل فونز ، لائسنس یافتہ نائن ایم ایم پستول بمعہ 16 گولیاں لے لیں اور مجھے اپنی گاڑی سے اتار کر فرار ہوگئے ۔
مدعی نے پولیس کو بتایا کہ ملزمان کے سامنے آنے پر شناخت کیا جا سکتا ہے۔ ایس ایچ او فیروزآباد کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم سے اس کے دیگر ساتھیوں کے حوالے سے تفتیش جاری ہے ۔

