امریکی ریاست ایڈاہو سے تعلق رکھنے والے ریکارڈ ساز ڈیوڈ رش نے منہ کی مدد سے برف کے ٹکڑے ایک ٹرے سے دوسری ٹرے میں منتقل کرکے گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کرلیا۔
ڈیوڈ رش نے 30 سیکنڈ کے دوران دونوں ٹرے کے درمیان مجموعی طور پر 991 گرام (34.9 اونس) وزنی برف کے ٹکڑے منتقل کیے جس کے بعد ان کا نام گنیز ورلڈ ریکارڈ میں شامل کرلیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: گنیز ورلڈ ریکارڈز کی نئی کتاب کی رونمائی، انوکھے ریکارڈز نے سب کو حیران کردیا
ڈیوڈ رش جن کے پاس بیک وقت سب سے زیادہ گنیز ورلڈ ریکارڈز کا اعزاز بھی ہے کا کہنا تھا کہ ابتدا میں انہیں یہ ریکارڈ قائم کرنا آسان محسوس ہوا کیونکہ وہ اس سے قبل بھی منہ سے متعلق کئی منفرد ریکارڈز بنا چکے ہیں۔ ان میں منہ سے مارش میلوز پکڑنا اور پنگ پونگ کی گیندیں تھوک کر پھینکنا شامل ہیں۔
ان کے مطابق ریکارڈ کے قواعد کے تحت برف کے ہر ٹکڑے کا وزن 25 گرام (0.88 اونس) سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے تھا، جس کے لیے انہوں نے پانی کی مقدار انتہائی احتیاط سے ناپ کر برف کے ٹکڑے تیار کیے۔
ڈیوڈ رش کا کہنا تھا کہ اس چیلنج میں برف کا درجہ حرارت برقرار رکھنا بھی ایک مشکل مرحلہ تھا، کیونکہ زیادہ ٹھنڈی برف ہونٹوں سے چپک سکتی تھی، جبکہ کم ٹھنڈی برف پگھلنے کے باعث اپنا وزن کھو سکتی تھی۔
انہوں نے 12 جون کو اپنی باضابطہ کوشش کے دوران مقررہ شرائط کے مطابق 991 گرام برف ایک ٹرے سے دوسری ٹرے میں منتقل کرکے یہ منفرد عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا۔

