کراچی:
ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کا اپنے ٹاؤنز میں ناکامی کا ملبہ میئر کراچی پر ڈالنا سیاسی فرار کے سوا کچھ نہیں۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے سعدیہ جاوید نے کہا کہ حافظ نعیم صاحب ضلع وسطی کے 9 ٹاؤنز آپ کے پاس ہیں، تبدیلی لانے سے کس نے روکا ہے؟ جمہوری عمل سے منتخب میئر کو جعلی کہنے والے پہلے اپنی صفوں میں جمہوریت تلاش کریں۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ ماضی کی تاریخ دہرانے کے بجائے حافظ نعیم اپنے ٹاؤن چیئرمینز کی حالیہ کارکردگی پر بات کریں، سرکاری اسکولوں کی فکر چھوڑیں، جماعت اسلامی کے ٹاؤنز میں کچرا اٹھانے اور سڑکوں کا حال دیکھیں۔
سعدیہ جاوید نے کہا کہ سندھ حکومت فنڈز دے رہی ہے مگر جماعت اسلامی کے نمائندوں کے پاس کام کرنے کی اہلیت ہی نہیں، الزام تراشی کی سیاست سے ووٹ نہیں ملتے، عوام اب کھوکھلے بیانات نہیں عملی کام دیکھتے ہیں۔
سعدیہ جاوید نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے نظام پر تنقید کرنے والے خود اسی نظام کے تحت ٹاؤن چیئرمین بن کر بیٹھے ہیں، کراچی کا اصل مسئلہ وسائل کی کمی نہیں بلکہ جماعت اسلامی کی قیادت کی بے حسی ہے، مخالفت برائے مخالفت ختم کریں اور شہر کی خدمت میں میئر کا ساتھ دیں۔

