ضمنی انتخابات میں ن لیگ کا کلین سوئپ، قومی و پنجاب اسمبلی کی دونوں نشستیں جیت لیں
پی پی 203 میں 2 لاکھ 58 ہزار 122 ووٹرز کے لیے 185 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے تھے
پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ضمنی انتخابات میں اپنی دونوں نشستیں برقرار رکھتے ہوئے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 77 گوجرانوالا اور پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 203 ساہیوال میں کامیابی حاصل کرلی۔
این اے 77 گوجرانوالا کے تمام 333 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے امیدوار راشد بشیر ورک 43 ہزار 365 ووٹ لے کر کامیاب رہے۔ ان کے مدمقابل مرکزی مسلم لیگ کے محمد ابراہیم نے 30 ہزار 218 ووٹ حاصل کیے اور دوسرے نمبر پر رہے۔
اس حلقے میں پاکستان پیپلز پارٹی نے انتخابی میدان میں اپنا امیدوار نہیں اتارا تھا، جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے ضمنی انتخاب کا بائیکاٹ کیا تھا۔
ادھر پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 203 ساہیوال 6 میں بھی مسلم لیگ (ن) کے امیدوار نے کامیابی حاصل کی۔ غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق ن لیگی امیدوار محمد اسد حنیف 42 ہزار 114 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر رہے، جبکہ تحریک احساس پاکستان کے محمد اویس محمود 24 ہزار 512 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر آئے۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی کا حلقہ این اے 77 مسلم لیگ (ن) کے رکن محمود بشیر ورک جبکہ پنجاب اسمبلی کا حلقہ پی پی 203 حنیف جٹ کے انتقال کے باعث خالی ہوا تھا، جس پر ضمنی انتخابات کا انعقاد کیا گیا۔

