راولاکوٹ میں شرپسندوں کی فائرنگ سے زخمی سندھ رینجرز کے نائیک شہید ہوگئے

kashmir naik bostan khan1794234110 0



اسلام آباد:

راولاکوٹ میں 5 نومبر کو کالعدم تنظیم کے شرپسندوں کی آزاد جموں و کشمیر پولیس کی چوکی پر فائرنگ میں زخمی سندھ رینجرز کے نائیک بوستان خان آج دم توڑ گئے۔

ترجمان آزاد کشمیر پولیس کے مطابق شہید نائیک بوستان خان کا تعلق ضلع کوہاٹ سے تھا وہ سندھ رینجرز کے اہلکار تھے، جو آزاد جموں و کشمیر پولیس کی درخواست پر امن و امان کے قیام کی معاونت کے لیے آزاد جموں و کشمیر پولیس کے ساتھ تعینات تھے۔

ترجمان کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ایک بار پھر کالعدم تنظیم کے مسلح عناصر کے پُرتشدد طرزِ عمل کو ظاہر کرتا ہے، جو عوامی حقوق کی آڑ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مسلسل نشانہ بنا رہے ہیں اور خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچا رہے ہیں،قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے قیمتی جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں۔ نائک بوستان خان کی شہادت انہی قربانیوں کا تسلسل ہے۔

ترجمان نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر پولیس نائک بوستان خان کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتی ہے اور شہید کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کرتی ہے۔ ایسی بزدلانہ کارروائیاں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں، ریاست عوام کے تحفظ، امن و امان کی بحالی اور قانون کی عمل داری کو ہر صورت یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر حملوں میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔.





Source link

متعلقہ پوسٹ