پشاور کے علاقے حیات آباد میں نادرا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فہد خان کے قتل کو 72 گھنٹے گزرنے کے باوجود پولیس تاحال واردات میں ملوث کسی ایک ملزم کو بھی گرفتار نہیں کر سکی، تاہم تحقیقاتی ٹیم نے مرکزی ملزم کی نشاندہی اور اس کے تین ساتھیوں کی شناخت کر لی ہے۔
چاروں ملزمان کا تعلق پشاور سے بتایا جاتا ہے، لیکن ان کی گرفتاری عمل میں نہ آنا مقتول کے اہل خانہ اور علاقے کے مشران کے لیے تشویش کا باعث بن گیا ہے۔
دوسری جانب ایم این اے نور عالم خان اور سابق اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی محمود جان نے علاقے کے مشران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفتیشی ٹیم کے مطابق واقعے کی تحقیقات کے دوران مختلف مقامات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز کا جائزہ لیا گیا، جس کے نتیجے میں واردات میں ملوث چار حملہ آوروں کی شناخت ممکن ہوئی۔
تحقیقاتی ٹیم کو ملزمان کی نقل و حرکت، واردات سے قبل مقتول کا تعاقب کرنے اور واردات کے بعد فرار ہونے کے راستوں سے متعلق بھی اہم شواہد ملے ہیں۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق مرکزی ملزم مقتول فہد خان کا گھر سے نادرا آفس تک پیچھا کرتا رہا، جبکہ حملہ آور نے اپنی شناخت چھپانے کے لیے موٹر سائیکل سوار کا روپ اختیار کر رکھا تھا۔ ملزمان نے مبینہ طور پر منصوبہ بندی کے تحت واردات انجام دی اور بعد ازاں فرار ہوگئے۔
پولیس نے ملزمان کی شناخت کے بعد ان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں، تاہم تین روز گزرنے کے باوجود کوئی گرفتاری عمل میں نہ آنا پولیس کی کارکردگی پر سوالات اٹھا رہا ہے۔ مقتول کے اہل خانہ انصاف کے منتظر ہیں اور مطالبہ کر رہے ہیں کہ فہد خان کے قتل میں ملوث تمام ملزمان کو فوری گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
ایم این اے نور عالم خان اور سابق اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی محمود جان نے علاقے کے مشران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں مقتول کے خاندان کو انصاف کی فراہمی، ملزمان کی فوری گرفتاری اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال پر بات کی جائے گی۔
مقتول فہد خان کے گھر میں صف ماتم بچھی ہوئی ہے۔ فہد خان کی شادی چند روز بعد طے تھی اور گھر میں شادی کی تیاریاں جاری تھیں، ہر طرف خوشیوں کا ماحول تھا، تاہم نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ نے ایک ہنستے بستے گھر کی خوشیاں چھین لیں۔
شادی کے خواب دیکھنے والے والدین اور دیگر اہل خانہ اپنے جوان بیٹے کی اچانک موت پر غم سے نڈھال ہیں۔ جس گھر میں چند روز بعد شادی کی تقریبات ہونا تھیں وہاں اب سوگ اور غم کی فضا ہے۔
Source link

