ریاض (ایجنسی): سعودی عرب میں غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ ایک ہفتے کے دوران ۹ ہزار ۱۳۹ غیر قانونی تارکین وطن کو گرفتار کر کے ان کے آبائی ممالک واپس بھیج دیا گیا۔
سعودی گزٹ کے مطابق وزارت داخلہ نے ۲۹ اکتوبر سے ۴ نومبر ۲۰۲۶ء کے دوران مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں۔ ان میں اقامہ قوانین کی ۶ ہزار ۴۳، بارڈر سیکوریٹی قوانین کی ۳ ہزار ۱۹۱ اور لیبر قوانین کی ۲ ہزار ۳۵۳ خلاف ورزیاں پکڑی گئیں، یعنی کل ۱۱ ہزار ۵۸۷ خلاف ورزیاں۔
اعداد و شمار کے مطابق غیر قانونی طور پر مملکت میں داخل ہونے کی کوشش پر ایک ہزار ۶۷۸ افراد حراست میں لیے گئے، جبکہ ۱۸ افراد سرحد پار کر کے پڑوسی ممالک جاتے ہوئے پکڑے گئے۔ غیر قانونی تارکین وطن کو سفر، رہائش، روزگار اور پناہ فراہم کرنے والے ۲۹ افراد بھی گرفتار ہوئے۔
حکام نے واضح کیا کہ غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو داخلے، قیام، رہائش، ملازمت یا سفر میں مدد دینا قابلِ سزا جرم ہے۔ ایسے افراد کو ۱۵ سال تک قید اور ۱۰ لاکھ ریال تک جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے، جبکہ جرم میں استعمال ہونے والی گاڑی اور جائیداد بھی ضبط کی جا سکتی ہے۔
وزارت داخلہ نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے خلاف ورزیوں کی اطلاع دینے کی اپیل کی ہے۔ مکہ مکرمہ اور ریاض میں ٹول فری نمبر ۹۱۱ جبکہ دیگر علاقوں میں ۹۹۹ یا ۹۹۶ پر اطلاع دی جا سکتی ہے۔

