تربیلا ڈیم: بند ٹوٹنے سے سرنگ زیر آب، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا

399785 1211034742


خیبر پختونخوا کے ضلع ہری پور میں تربیلا ڈیم کے پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے کے زیر تعمیر حصے میں چٹان کا کمزور حصہ گرنے سے پانی ٹنل اور پاور ہاؤس میں داخل ہو گیا، تاہم پولیس اور واپڈا کے مطابق تمام ملکی و غیر ملکی ورکرز کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ہری پور کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس مسعود خان نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ تربیلا ڈیم کے ٹنل نمبر پانچ میں کام جاری تھا اور اس کے پیچھے پانی کا ذخیرہ موجود تھا۔

انہوں نے بتایا کہ پیر کی صبح بند ٹوٹنے سے پانی نے سیلابی صورت حال اختیار کر لی، جس کے بعد پولیس کی مدد سے ٹنل میں موجود تمام ملکی و غیر ملکی ملازمین کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔

دوسری جانب واپڈا کے ترجمان نے بتایا کہ تربیلا پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے کی کنکٹنگ ٹنل کے سیکنڈ بنچ کی کھدائی کے دوران چٹان کا ایک کمزور حصہ گر گیا، جس کے باعث ان ٹیک پٹ سے پانی ٹنل اور پاور ہاؤس میں داخل ہوا۔

ترجمان کے مطابق ان ٹیک پٹ سے پانی مکمل طور پر نکال لیا گیا ہے جبکہ زیر تعمیر پاور ہاؤس سے بھی پانی نکالنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ اس وقت زیریں جانب واقع ورک سائٹس پر مزید پانی داخل نہیں ہو رہا۔

واپڈا کا کہنا ہے کہ ادارے کے سینئر افسران، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹر صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ منصوبے کو درپیش کسی بھی چیلنج سے نمٹا جا سکے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ترجمان نے تربیلا ڈیم کی ٹنل نمبر پانچ منہدم ہونے کی اطلاعات کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے کی مرکزی ٹنل، زیر تعمیر پاور ہاؤس، ٹیل ریس کلورٹ اور سوئچ یارڈ کو بھی کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

پولیس کے مطابق واقعے میں انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصان کے حوالے سے حتمی رپورٹ مرتب نہیں کی گئی ہے۔

توسیعی منصوبہ

تربیلا پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے پر کام کا آغاز 2021 میں کیا گیا تھا۔ اس منصوبے کے لیے فنڈز عالمی بینک کے ذیلی ادارے انٹرنیشنل بینک فار ری کنسٹرکشن اینڈ ڈیولپمنٹ کی جانب سے فراہم کیے گئے ہیں، جن کی مالیت تقریباً 82 ارب روپے ہے۔

منصوبے کے سول ورکس کا ٹھیکہ پاور چائنا نامی کمپنی کو دیا گیا تھا اور اس کی تکمیل کا ابتدائی ہدف 2024 مقرر کیا گیا تھا، تاہم منصوبہ تاحال مکمل نہیں ہو سکا۔

وزارت توانائی کے مطابق منصوبے کی تکمیل کے بعد تربیلا ڈیم کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت چار ہزار 888 میگاواٹ سے بڑھ کر چھ ہزار 418 میگاواٹ ہو جائے گی۔





Source link

متعلقہ پوسٹ