کیف، ): روس نے یوکرین کے وسطی صنعتی شہر پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے حملہ کیا، جس میں 7 سالہ بچہ اور ایک خاتون ہلاک جبکہ 60 افراد زخمی ہو گئے۔ فائر فائٹرز آگ پر قابو پانے کی کوشش کرتے رہے۔
صدر ولادیمیر زیلنسکی نے اپنے آبائی شہر کریوی ریہ پر حملے کے بعد ملک کے لیے مزید فوجی امداد کی اپیل کی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے بتایا کہ جمعہ کی شام سے حملے کے نتائج سے نمٹنے کی کوششیں جاری ہیں۔ ان کے مطابق حملہ شہری علاقے میں ہوا جس کے قریب کوئی فوجی تنصیبات نہیں تھیں۔
دوسری جانب ایک روسی میزائل اور ایک مشتبہ جیٹ انجن والا ڈرون پولینڈ کی فضائی حدود میں بھی جا گرے۔ پولینڈ کے وزیراعظم ڈونلڈ ٹسک نے اسے ممکنہ طور پر دانستہ اشتعال انگیزی قرار دیا۔ نیٹو کے سیکریٹری جنرل نے اتحادی ممالک کا اجلاس آج (23 نومبر) طلب کر لیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس واقعے کو روس کا دانستہ حملہ قرار دینے کے بجائے غلطی قرار دیا۔
امن معاہدے کے لیے امریکی دباؤ کے باوجود ماسکو اور کیف کے درمیان جوابی حملے جاری ہیں۔ زیلنسکی کے مطابق امریکہ نے کرسمس سے قبل سہ فریقی امن مذاکرات کا اگلا دور منعقد کرنے کی تجویز دی ہے، جو جی 20 سربراہی اجلاس کے موقع پر ٹرمپ کے میامی میں واقع گالف ریسورٹ میں ہو سکتا ہے۔ امریکہ، روس اور یوکرین کے درمیان سہ فریقی مذاکرات کا پہلا دور 10 اور 11 نومبر کو ابوظہبی میں ہو چکا ہے

