ایران کا بحرین میں امریکی فوجی ٹھکانوں پر حملے کا دعویٰ، خلیجی ممالک کی مذمت

تہران، : ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے۔ ایرانی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بحرین کے الرفاع اور عوالی ایئربیس پر تعینات امریکہ کے 2 پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس راڈار سسٹم کو میزائل اور ڈرون سے نشانہ بنایا۔ ایران نے اسے فضائی حدود کی مبینہ خلاف ورزی اور ہینگم جزیرے پر ایک راڈار ٹھکانے پر امریکی حملے کا جواب قرار دیا ہے۔

بحرینی حکام کے مطابق حملے میں ایک صنعتی ادارہ متاثر ہوا اور وہاں آگ لگ گئی۔ فائر بریگیڈ اور شہری دفاع کی ٹیمیں آگ پر قابو پانے میں مصروف ہیں۔ کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں۔ بحرین نے عوام کے لیے جاری خطرے کا انتباہ واپس لے لیا، تاہم محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔

آئی آر جی سی نے آبنائے ہرمز کے اوپر امریکہ کے 2 ڈرون (ایم کیو 9 اور ایم کیو 1 پریڈیٹر) مار گرانے اور خلیج فارس پر ایک امریکی ایف 16 طیارے کو میزائل سے نشانہ بنانے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔ ایران کے مطابق طیارے کو نقصان پہنچا اور پائلٹ کو قریبی ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی۔ ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔

سمندری سلامتی پر بھی تشویش بڑھ گئی ہے۔ ایرانی بحریہ کے مطابق آبنائے ہرمز کے مشرق میں ممنوعہ علاقے میں ایک تیل بردار جہاز بارودی سرنگ سے ٹکرایا اور آگ لگ گئی۔ برطانوی بحری ایجنسی نے عمان کے خاصاب کے شمال اور مشرق میں 2 تیل بردار جہازوں پر نامعلوم پروجیکٹائل سے حملے کی اطلاع دی۔

ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے ترجمان ابراہیم رضائی نے خبردار کیا کہ ایران کے بنیادی ڈھانچے پر حملہ ہوا تو تہران اسرائیلی ٹھکانوں کو نشانہ بنائے گا اور یہ دھمکیاں محض بیان بازی نہیں۔

سعودی عرب نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے بحرین سے مکمل یکجہتی کا اعلان کیا اور ایران کو نتائج کا ذمہ دار ٹھہرایا۔ اردن نے اسے بحرین کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا، جبکہ قطر نے بھی شہری و اقتصادی تنصیبات پر حملوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کا تسلسل خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔

متعلقہ پوسٹ