کراچی:
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی پورٹ تا قیوم آباد کوریڈور سے متعلق اہم منصوبے کی منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پالیسی بورڈ کا 53واں اجلاس ہوا جس میں اہم منصوبے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ کراچی پورٹ تا قیوم آباد 16.5 کلومیٹر طویل چار رویہ ایکسپریس وے تعمیر کرنے کا منصوبہ ہے، شاہراہِ بھٹو کو کراچی پورٹ کے ایسٹ وارف سے منسلک کیا جائے گا، کراچی پورٹ تا قیوم آباد کوریڈور پر رسائی کو کنٹرول کیا جائے گا۔

منصوبے کے ٹھیکے کی مدت 27.5 سال مقرر کی گئی جس میں ڈھائی سال تعمیر اور 25 سال آپریشن و دیکھ بھال پر مشتمل ہوں گے۔ کراچی پورٹ تا قیوم آباد منصوبہ ڈیزائن، فنانس، تعمیر، آپریشن، دیکھ بھال اور منتقلی کی بنیاد پر مکمل ہوگا۔
منصوبے کی کمپنی میں کلاس اے ایکویٹی کی جگہ انفرا اسٹرکچر رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹ (آر ای آئی ٹی) متعارف کروانے کی تجویز زیر غور ہے۔ اجلاس میں کراچی پورٹ ٹرسٹ کے لائسنس معاہدے اور حتمی این او سی کے اجرا سے متعلق امور بھی زیر غور آئے۔
وزیراعلیٰ نے شاہراہِ بھٹو ایکسپریس وے پر ندی کے کناروں کے تحفظ کے لیے کیے گئے کاموں کی منظوری بھی دی۔ پانی کے اندر تعمیر کیے جانے والے حفاظتی پشتے، میمن گوٹھ انٹرچینج نمبر 5 پر اضافی لوپ اور ریمپ کی تعمیر اور اسٹریٹ لائٹس نصب شامل ہے۔

