انتخابی اصلاحات – ایکسپریس اردو

2727437 toseefahmedkhannew 1729273230


ایک بار پھر انتخابی اصلاحات کا شوروغوغا ہے۔ اس دفعہ پیپلز پارٹی نے انتخابی اصلاحات کے لیے تحریک انصاف سے رابطہ کیا ہے۔ پارلیمنٹ میں سیاسی جماعتوں کی نمائندگی کے تناسب سے کمیٹی قائم کردی ہے۔ پاکستان میں انتخابات کی شفافیت کا معاملہ ہمیشہ مشکوک رہا۔ قیامِ پاکستان کے بعد جب کمیونسٹ پارٹی کے امیدوار مرز اابراہیم نے 1951ء میں لاہور سے صوبائی اسمبلی کے انتخاب میں حصہ لیا۔ ان کے مقابلے میں مسلم لیگ کے رہنما احمد سعید کرمانی تھے۔ مرزا ابراہیم کی کامیابی یقینی سمجھی جاتی تھی مگر جیتنے والے پر دھاندلی کرانے کے الزامات لگائے گئے۔

بائیں بازو کے ایک صحافی نے اس انتخابی دھاندلی کو ’’جھرلوں پھیر دیا‘‘ کی اصطلاح متعارف کروائی۔ اب تک ہونے والے تمام انتخابات میں صرف 1970ء کے انتخابات کو شفاف قرار دیا جاسکتا ہے۔ جب سابق صدر پرویز مشرف کے دور اقتدار میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف جلاوطن کردیے گئے تواور پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن محترمہ بے نظیر بھٹو شہید بھی ملک چھوڑ کر لندن میں مقیم ہوگئیں تو دونوں جماعتوں کے اکابرین میثاقِ جمہوریت پر متفق ہوئے ۔ اس میثاق جمہوریت میں صوبوں کو خودمختاری سے عوام کے جاننے کے حق کو آئینی تحفظ دینے اور انتخابات کو شفاف بنانے کے طریقہ کار پر اتفاق ہوا۔ اس میثاقِ جمہوریت کے تحت آئین میں 18ویں ترمیم ہوئی۔ اس ترمیم کے ذریعہ الیکشن کمیشن کو مکمل طور پر انتظامی اور مالیاتی امور میں خودمختار کردیا گیا۔

اس ترمیم کے تحت اب الیکشن کمیشن کسی وفاقی وزارت کے ماتحت نہیں رہا بلکہ خودمختار ادارہ بن گیا۔ چیف الیکشن کمشنر اور اس کے اراکین کے تقرر کے لیے پہلے مرحلہ میں پارلیمانی کمیٹی کا قیام ضروری قرار دیا گیا۔ اس پارلیمانی کمیٹی میں جو 12 اراکین پر مشتمل ہوتی تھی حزب اقتدار اور حزب اختلاف کو برابر کی نمائندگی دی گئی اور یہ بات بھی طے ہوگئی کہ اگر پارلیمانی کمیٹی میں اتفاق رائے نہیں ہوگا تو پھر وزیر اعظم اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی مشاورت سے یہ تقرر ہوگا۔ مگر آئین میں کی گئی 27ویں ترمیم کے تحت یہ فیصلہ ہوگیا کہ اگر وزیر اعظم اور قائد حزب اختلاف میں چیف الیکشن کمشنر کے نام پر اتفاقِ رائے نہ ہوا تو موجودہ الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے اراکین اپنے عہدوں پر اس وقت تک فرائض انجام دیتے رہیں گے جب تک وزیر اعظم اور قائد حزبِ اختلاف میں کسی نام پر اتفاقِ رائے نہیں ہوجاتا۔

 18ویں ترمیم کے بعد جسٹس ریٹائرڈ فخر الدین جی ابراہیم کو متفقہ طور پر چیف الیکشن کمشنر مقرر کیا گیا۔ انھوں نے 2013ء کے انتخابات کرائے۔ جسٹس فخر الدین جی ابراہیم نے انتخابات کے فوراِ بعد استعفیٰ دیدیا مگر پارلیمنٹ میں ان کے استعفیٰ کے اسباب پر کوئی بحث نہیں ہوئی۔ جسٹس فخر الدین کا کہنا تھا کہ 18ویں ترمیم کے تحت چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے چاروں اراکین کے اختیارات برابر ہیں اور کسی فیصلہ پر سب کا اتفاق رائے ہونا ضروری ہے۔ اگر پارلیمنٹ جسٹس فخر الدین جی ابراہیم کے رخصتی کے اسباب پر بحث کرتی اور جسٹس صاحب کو پارلیمنٹ میں طلب کرکے ان کو اپنے استعفیٰ کی وجوہات بیان کرنے کا موقع ملتا تو شاید انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے کوئی قانون سازی کرلی جاتی۔

 الیکشن کمیشن نے 2018ء کے انتخابات میں پولنگ اسٹیشن پر کیمرے لگائے اور پریزائیڈنگ افسروں کو فوری طور پر نتائج الیکشن کمیشن کو ترسیل کرنے کے لیے الیکٹرونک ڈیوائس پر مشتمل نظام متعارف کرایا مگر انتخاب والے دن بیشتر پولنگ اسٹیشنوں کے کیمرے کام نہ کرسکے اور پریزائیڈنگ افسروں کا فوری طور پر نتائج الیکشن کمیشن کو منتقل کرنے کا نظام اچانک بند ہوگیا۔

الیکشن کمیشن نے اس کی ذمے داری نادار پر عائد کی تاہم نادرا حکام نے اس الزام کی سختی سے تردید کی تھی۔ جب تحریک انصاف کی حکومت قائم ہوئی تو پارلیمنٹ نے حزب اختلاف اور حزب اقتدار کے اراکین پر مشتمل ایک کمیٹی قائم کی۔ اس کمیٹی کا کام انتخابات میں دھاندلیوں کی تحقیقات کرنا تھا مگر تحریک انصاف کی حکومت نے اس کیٹی کو غیر فعال کردیا۔ سابق وزیر اعظم عمران خان کو کسی نے یہ بات سمجھادی کہ ووٹنگ کے لیے کمپیوٹرائزڈ الیکٹرونک مشین استعمال کی جائے تو انتخابات شفاف ہوںگے۔ بھارت میں یہ طریقہ کار رائج ہے مگر بھارت میں ہونے والے انتخابات میں اس الیکٹرونک مشین کو ریگولیٹ کرنے کے بارے میں شدید اعتراضات ہوتے ہیں۔ 2024 کا الیکشن ’فارم 47 ‘کا انتخاب کہلایا۔

 ایک بڑے اخبار کی اطلاع کے مطابق پیپلز پارٹی اب انتخابی اصلاحات میں سنجیدہ ہے۔ انتخابی اصلاحات کے لیے ضروری ہے کہ الیکشن کمیشن کو اتنا بااثر کیا جائے کہ الیکشن کمیشن کے افسروں کو پولنگ عمل میں مداخلت کرنے سرکاری اہلکاروں کو طویل عرصہ تک جیل بھیجنے کا اختیار مل جائے، پھر بنیادی مسئلہ ووٹر لسٹوں کی تیاری کا ہوتا ہے۔ جب نادرا ووٹر لسٹ کی تیاری کا کام کرتا ہے تو اس کے ڈیٹابیس میں موجود افراد کا جو ڈیٹا موجود ہوتا ہے، اسی کے مطابق ووٹر لسٹ تیار ہوتی ہے۔ اب یہ سیاسی جماعتوں کی ذمے داری ہے کہ وہ گھر گھر جاکر عام آدمی کو ووٹر لسٹ کے بارے میں آگاہ کریں، اگر کسی فرد کا نام شامل نہیں تو اس کا نام شامل کیا جائے۔ پولنگ کے عملہ کے ساتھ ساتھ امیدواروں کے پولنگ ایجنٹ کی تربیت بھی ضروری ہے، اگر پولنگ ایجنٹ تمام انتخابی قوانین سے آگاہ ہوںگے تو پھر وہ انتخابات کو شفاف بنانے میں خاصے معاون ثابت ہوںگے، پولنگ اسٹیشن کا رقبہ کشادہ ہونا ضروری ہے۔

پولنگ کے عملہ کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ان کی بنیادی ضرورتوں کا خیال بھی رکھا جائے۔ الیکشن کمیشن کی ذمے داری ہے کہ پولنگ اسٹیشن میں خودکار کیمروں اور نتائج کی فوری ترسیل کا الیکٹرونک نظام موثر اور پائیدار ہونا چاہیے۔ آئین میں کی گئی 27ویں ترمیم کے تحت ریٹائر ہونے والے چیف الیکشن کمشنر کے نئے کمشنر کی حیثیت سے فرائض انجام دینے کی شق کو ختم ہونا چاہیے۔ الیکشن کمشنر اور اس کے اراکین کی ریٹائرمنٹ سے ایک سال قبل سے کمشنر کے انتخاب کا عمل شروع ہوجائے تاکہ چیف الیکشن کمشنر اور اراکین کی ریٹائرمنٹ سے پہلے نئے الیکشن کمیشن اور اراکین کمیشن کے نام کا مشاہدہ شروع کردے۔ عموماً انتخابی عملہ اسکولوں اور کالجوں کے اساتذہ پر مشتمل ہوتا ہے۔ منتخب اراکین ان اساتذہ کے تقرر اور ترقیوں میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں تو یہ پولنگ کا عملہ اپنے محسن کی تابعداری کرنے پر مجبور ہوتا ہے۔

الیکشن کمیشن کو ایسا طریقہ کار تبدیل اختیار کرنا چاہیے کہ ہر شہر میں پولنگ کے عملہ کا تقرر ایک طریقہ کار کے تحت ہو۔ یہ کمیشن کے عارضی ملازم ہوں۔ ان کو اتنا معاوضہ ملنا چاہیے کہ وہ انتخاب کا عمل شروع ہوتے ہی الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کے پابند ہوں۔ اسی طرح الیکشن کمیشن کو چاروں صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا براہِ راست اختیار حاصل ہونا چاہیے تاکہ پورے ملک میں وقت پر بلدیاتی انتخابات ہوں۔ پارلیمنٹ کو انتخابی اصلاحات کرتے وقت بھارت، بنگلہ دیش اور یورپی ممالک میں ہونے والے طریقہ کار کو مدنظر رکھنا چاہیے۔ بھارت میں چیف الیکشن کمشنر سب سے زیادہ بااختیار ہوتا ہے۔ اس کا طریقہ کار اس ملک میں رائج ہونا چاہیے ۔ تمام سیاسی جماعتوں کو یہ یاد رکھنا چاہیے کہ جو سیاسی جماعتیں دھاندلی کے ذریعے اقتدار میں آتی ہیں وہ ہمیشہ کمزور ہوتی ہیں۔





Source link

متعلقہ پوسٹ