نیتن یاہو کی قومی اتحاد کی اپیل پر گادی آئزن کوٹ برہم لیکوڈ پارٹی سے مذاکرات منسوخ!

news 1794384259 9762



news 1794384259 9762

(24نیوز)اسرائیل میں نئی حکومت کی تشکیل کے معاملے پر سیاسی کشیدگی شدت اختیار کر گئی، سابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی قومی اتحاد کی حکومت بنانے کی اپیل پر ان کے سیاسی حریف اور سابق آرمی چیف گادی آئزن کوٹ نے شدید ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے لیکوڈ پارٹی کے ساتھ طے شدہ مذاکرات منسوخ کر دیئے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیتن یاہو نے نومنتخب ارکانِ پارلیمنٹ کی حلف برداری کے بعد کنیسٹ سے خطاب کرتے ہوئے اسرائیل کو درپیش سکیورٹی چیلنجز کا ذکر کیا اور کہا کہ مستقبل قریب میں ملک کو عالمی دباؤ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے جوہری پروگرام اور خطے کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے وسیع قومی اتحاد کی حکومت ضروری ہے،نیتن یاہو نے اپنے خطاب میں عرب سیاسی جماعتوں پر بھی الزامات عائد کئے اور دعویٰ کیا کہ وہ اسرائیل کی تباہی چاہتی ہیں۔

نیتن یاہو کی اپیل پر ردِعمل دیتے ہوئے گادی آئزن کوٹ نے ان کی تقریر کو گمراہ کن اور شرم ناک قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو قومی اتحاد کے بجائے نفرت اور تقسیم کو فروغ دے رہے ہیں اور ان کی اپیل دراصل سیاسی بقا کی کوشش ہے۔

گادی آئزن کوٹ کی جماعت کے مطابق نیتن یاہو کے طرزِعمل نے ثابت کیا ہے کہ وہ حقیقی معنوں میں قومی اتحاد کے خواہاں نہیں، اسی لئے لیکوڈ پارٹی کے ساتھ مذاکرات منسوخ کئے گئے ہیں۔

دوسری جانب لیکوڈ پارٹی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ نیتن یاہو قومی اتحاد کے قیام کیلئے تمام ممکنہ راستے اختیار کرنے کو تیار ہیں اور مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں۔

اسرائیل میں نئی حکومت کی تشکیل کیلئے جاری سیاسی سرگرمیوں کے دوران نیتن یاہو اور گادی آئزن کوٹ کے درمیان اختلافات نے سیاسی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔





Source link

متعلقہ پوسٹ