ڈی آئی جی عرفان بلوچ نے رواں برس جولائی میں قتل ہونے والے نوجوان تاجر میر رضا کے قتل کیس کی تفتیش کے حوالے سے کہا ہے کہ ابتدا میں پولیس کی جانب سے غفلت کا مظاہرہ کیا گیا۔
میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کے لیے قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کے سربراہ ڈی آئی جی عرفان بلوچ بہادر آباد میں میر رضا کے گھر پہنچے جہاں انہوں نے مقتول کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور انہیں اب تک تفتیش میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔
میررضا قتل کیس میں جے آئی ٹی کی تشکیل کے بعد ڈی آئی جی عرفان بلوچ کی میر رضا کے گھر یہ پہلی آمد تھی اور مقتول کے اہل خانہ سے ملاقات تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی عرفان بلوچ نے بتایا کہ وہ میر رضا کے اہل خانہ سے ملاقات اور انہیں اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کرنے آئے تھے، کیس کی تکنیکی بنیادوں پر تفتیش کی جارہی ہے اور کوشش کی جارہی ہے کہ تفتیش کے دوران سامنے آنے والے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب کیس میں نئی چیزوں کو ڈھونڈنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہم چاہتے ہیں متاثرہ اہل خانہ کو مستقل رابطے میں رکھا جائے۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ ابتدائی مرحلے میں پولیس کی جانب سے غفلت کا مظاہرہ کیا گیا اور غفلت کے مرتکب پولیس افسران کے خلاف کارروائی کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے دوران سابق ایس ایچ او گلستان جوہر کو نوکری سے فارغ کیا گیا تاہم اب تفتیش میں رہ جانے والے پہلوؤں پر بھی کام کیا جارہا ہے۔
ڈی آئی جی عرفان بلوچ نے بتایا کہ ضرورت پڑنے پر گرفتاریاں بھی کی جائیں گی، ان افراد سے بھی تفتیش کی جا سکتی ہے جن کو اب تک کیس کی تفتیش میں شامل نہیں کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ نارتھ ناظم آباد میں وافلکس کی برانچ سے ملنے والے اسلحے کا فرانزک کرایا جارہا ہے تاکہ اس حوالے سے بھی شواہد کا جائزہ لیا جاسکے۔
عرفان بلوچ نے واضح کیا کہ برآمد ہونے والے اسلحے کو کبھی کسی بھی شخص سے پولیس کی جانب سے منسوب نہیں کیا گیا۔
اس موقع پر میر رضا کے والد نے کہا کہ جے آئی ٹی پر اعتماد ہے اور امید ہے کہ اب تفتیش تیزی سے آگے بڑھے گی، جو کام اب کیا جارہا ہے اگر ابتدائی تفتیشی ٹیم اسی وقت کرلیتی تو بہتر ہوتا۔
واضح رہے کہ میر رضا کی لاش رواں سال 29 جولائی کو گلستان جوہر کے ایک ویران مقام سے ملی تھی، جس کے بعد واقعے کی تحقیقات میں متعدد سوالات سامنے آئے تھے۔
کیس میں ابتدائی تفتیش پر اہل خانہ کے تحفظات کے بعد اعلیٰ سطح پر تحقیقات اور عدالتی کمیشن کے قیام کا معاملہ بھی سامنے آیا تھا۔
بعدازاں اہل خانہ کے مطالبے پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی، جس میں مختلف تحقیقاتی اداروں کو بھی شامل کیا گیا۔
Source link

