میسجنگ ایپس پر فرضی نام یا خالی پروفائل تصویر استعمال کرکے اپنی شناخت چھپانے والے صارفین کے لیے نئی تحقیق نے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔ امریکی یونیورسٹی آف میری لینڈ کی تحقیق کے مطابق ایک ایپ پر شیئر کی جانے والی معمولی معلومات کو دوسری ایپس کے ڈیٹا سے ملا کر کسی بھی صارف کی اصل شناخت اور اس کا جسمانی مقام معلوم کیا جاسکتا ہے۔
یونیورسٹی آف میری لینڈ اور جنوبی کوریا کے ایڈوانسڈ انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے محققین نے ٹیلی گرام، واٹس ایپ، ٹنڈر اور جنوبی کوریا کی مقبول میسجنگ ایپ کاکاؤ ٹاک جیسی سروسز کا جائزہ لیا۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ سائبر حملہ آور ان پلیٹ فارمز پر موجود معمول کی سہولیات اور میٹا ڈیٹا کو آپس میں ملا کر صارفین کی شناخت اور ان کے حقیقی مقامات تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔ اس طریقے کے لیے نہ تو ایپس کی انکرپشن توڑنے کی ضرورت ہوتی ہے اور نہ ہی صارفین کے نجی پیغامات پڑھنے کی۔
محققین کے مطابق جنوبی کوریا میں کاکاؤ ٹاک انتہائی مقبول ہے اور ملک کی تقریباً 94 فی صد آبادی اسے استعمال کرتی ہے جس کی وجہ سے اس پلیٹ فارم پر سامنے آنے والے سیکیورٹی خدشات خاص اہمیت رکھتے ہیں۔
کمپنیوں نے سیکیورٹی اقدامات سخت کردیے
تحقیق کے نتائج سامنے آنے کے بعد محققین نے متاثرہ پلیٹ فارمز کو سیکیورٹی خامیوں سے آگاہ کیا جس کے بعد متعلقہ کمپنیوں نے اپنی سروسز میں حفاظتی اقدامات مزید سخت کردیے۔
ان تبدیلیوں میں ایک مخصوص وقت کے دوران رابطوں سے متعلق معلومات حاصل کرنے کی درخواستوں کی تعداد محدود کرنا اور بار بار کوشش کرنے والے صارفین کے لیے اکاؤنٹ لاک کرنے کا دورانیہ بڑھانا شامل ہے۔ اس کے علاوہ تحقیق میں بیان کیے گئے مخصوص خودکار طریقوں کو روکنے کے اقدامات بھی کیے گئے۔
فرضی شناخت کے باوجود اصل نام سامنے آسکتا ہے
محققین نے اس خطرے کو سمجھانے کے لیے ایک مثال پیش کی کہ ایک طالب علم ٹیلی گرام پر فرضی نام اور خالی پروفائل تصویر کے ساتھ اکاؤنٹ بناتا ہے اور سمجھتا ہے کہ اس کی شناخت پوشیدہ ہے۔ تاہم، وہی شخص اپنے خاندان سے رابطے کے لیے ایک دوسری میسجنگ ایپ اور مقامی افراد سے ملاقات کے لیے ٹنڈر بھی استعمال کرتا ہے۔
چونکہ تینوں ایپس ایک ہی فون نمبر سے منسلک ہوتی ہیں، اس لیے کوئی حملہ آور ایپس کے بنیادی فیچرز سے معلومات حاصل کرکے ٹیلی گرام سے طالب علم کا فون نمبر نکال سکتا ہے، پھر دوسری میسجنگ ایپ کے ذریعے اس کا اصل نام معلوم کرسکتا ہے اور ٹنڈر پر اس کی پروفائل تصویر کو لوکیشن سرچ کے ذریعے استعمال کرتے ہوئے اس کی شناخت اور ان مقامات کا پتا لگا سکتا ہے جہاں وہ دوپہر کے اوقات میں اپنا وقت گزارتا ہے۔
صارف کو لگتا ہے کہ اس کے تمام اکاؤنٹس ایک دوسرے سے مکمل طور پر الگ ہیں لیکن مختلف پلیٹ فارمز پر موجود معمولی معلومات کو آپس میں جوڑ کر اس کی شناخت اور مقام معلوم کیا جاسکتا ہے۔
تحقیق میں واضح کیا گیا کہ ایسے حملوں کے لیے زیادہ تکنیکی مہارت یا غیر معمولی وسائل درکار نہیں تھے۔ تاہم، پلیٹ فارمز کی جانب سے حفاظتی تبدیلیوں کے بعد ان مخصوص طریقوں کو محدود کردیا گیا ہے۔
یہ تحقیق اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ صرف فرضی نام، پروفائل تصویر چھپانے یا انکرپشن پر انحصار کرنا آن لائن شناخت اور رازداری کے تحفظ کے لیے کافی نہیں کیونکہ مختلف ایپس پر موجود معلومات کو ملا کر بھی صارف کی نجی زندگی میں مداخلت کی جاسکتی ہے۔
Source link

