جئے شاہ کے دوبارہ آئی سی سی صدر بننے پر سچن تندولکر اور للت مودی سمیت کئی ہستیوں نے دی مبارکباد

ICC copy


آئی سی سی بورڈ کے نمائندے، جن میں کونسل کے صدر جئے شاہ بھی شامل ہیں۔فوٹو: آئی سی سی کرکٹ ڈاٹ کام

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے بیٹے جئے شاہ کو دوسری بار انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے بورڈ کا صدر مقرر کیا گیا ہے۔بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) میں جئے شاہ کی تقرری اور اس کے بعد آئی سی سی کے صدر کے عہدے تک ان کی رسائی کو لے کر بھی تنازعے ہوتے رہے ہیں۔ ناقدین کا ماننا ہے کہ انہیں یہ عہدے مرکزی حکومت میں ان کے والد کے اثر ورسوخ کی وجہ سے ملے ہیں۔

نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے بیٹے جئے شاہ کو اتوار (15 نومبر) کو دوسری بار انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے بورڈ کا صدر مقرر کیے جانے پر کئی معروف شخصیات نے مبارکباد دی ہے۔

بالی میں آئی سی سی بورڈ کی میٹنگ کے بعد کونسل نے اعلان کیا کہ جئے شاہ کو بلا مقابلہ دوبارہ اس عہدے کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

غورطلب ہے کہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) میں جئے شاہ کی پہلے ہوئی تقرری اور اس کے بعد آئی سی سی کے صدر کے عہدے تک ان کی رسائی کو لے کر تنازعے بھی ہوتے رہے ہیں۔ ناقدین کا ماننا ہے کہ انہیں یہ عہدے مرکزی حکومت میں امت شاہ کے اثر و رسوخ کی وجہ سے حاصل ہوئے ہیں۔

جئے شاہ کو مبارکباد دینے والوں میں فلم اداکار شاہ رخ خان، کرکٹر سچن تندولکر، تمیم اقبال خان اور کاروباری  للت مودی شامل ہیں۔

واضح ہوکہ للت مودی پر بی سی سی آئی کے سربراہ کی حیثیت سے اپنے دور میں غبن کا الزام لگ چکا ہے۔

شاہ رخ خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا،’آئی سی سی کے صدر کی حیثیت سے دوسری مرتبہ دوبارہ منتخب ہونے پر جئے شاہ بھائی کو مبارکباد! عالمی کرکٹ کے نظم و نسق میں آپ کی قیادت اور ہمارے پسندیدہ کھیل کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کی کوششوں کو خوب سراہا جاتا ہے۔ 2028 کے اولمپک کرکٹ کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوں گے اور اس سے خصوصی طور پر امریکہ میں کرکٹ کی مسلسل ترقی کو فروغ ملے گا۔ ڈھیروں پیار… اور آپ کی آئندہ کوششوں کے لیے نیک خواہشات‘!

معلوم ہو کہ اداکار شاہ رخ خان آئی پی ایل کی ٹیم کولکاتہ نائٹ رائیڈرز کے مالک بھی ہیں۔

بنگلہ دیشی کرکٹر تمیم اقبال خان نے بھی جئے شاہ کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ وہ عالمی کرکٹ اور بنگلہ دیش کرکٹ کی بہتری کے لیے آئی سی سی سربراہ کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے سابق چیئرمین للت مودی نے بھی جئے شاہ کو دوبارہ منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے اسے آئی سی سی بورڈ کی جانب سے جئے شاہ کی قیادت پر ظاہر کیے گئے ’زبردست  بھروسے‘ کا مظہر قرار دیا۔

للت مودی نے ایکس پر لکھا،’انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے صدر کی حیثیت سے دوسری مدت کے لیے بلا مقابلہ دوبارہ منتخب ہونے پر جئے شاہ کو دلی مبارکباد۔ یہ آئی سی سی بورڈ کی جانب سے ان پر ظاہر کیا گیا غیر زبردست بھروسہ ہے۔ کرکٹ اس وقت ایک غیر معمولی دوراہے پر کھڑی ہے، کیونکہ اولمپک کھیلوں میں اس کی واپسی ہونے جا رہی ہے۔‘

سابق کرکٹر سچن تندولکر نے بھی جئے شاہ کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کرکٹ کے فروغ اور خواتین کی کرکٹ کو آگے بڑھانے کے لیے ان کی کوششوں کا ذکر کیا۔

تندولکر نے کہا،’کرکٹ کی ترقی نئے مواقع پیدا کرنے، کھیل کے پورے نظام کو مضبوط بنانے اور اسے نئے شائقین تک پہنچانے پرمنحصر کرتا ہے۔جئے شاہ نے ان ترجیحات کے لیے کڑی محنت کی ہے، جس میں خصوصی طور پر خواتین کی کرکٹ پر توجہ دی گئی ہے۔ آئی سی سی صدر کی حیثیت سے ایک اور مدت کی ذمہ داری سنبھالنے پر انہیں مسلسل کامیابی کے لیے نیک خواہشات۔‘

آئی سی سی کا بیان

جئے شاہ کی دوبارہ تقرری کا اعلان کرتے ہوئے آئی سی سی نے کہا کہ یہ فیصلہ ان کی قیادت پر بورڈ کے بھروسے کو دکھاتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی کھیل کے لیے ایک فیصلہ کن دور میں قیادت کا تسلسل بھی یقینی بنائے گا۔

آئی سی سی نے کہا کہ اس کے اسٹریٹجک منصوبے میں کرکٹ کو عالمی سطح پر فروغ دینا، شائقین کی تعداد میں اضافہ کرنا اور تجارتی ترقی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رچرڈ تھامسن، آئی سی سی کی آزاد ڈائریکٹر ڈاکٹر راس رِواز، آئی سی سی کے نائب صدر اور زمبابوے کرکٹ کے چیئرمین توینگووا موکُوہلانی، نیوزی لینڈ کرکٹ کے ڈائریکٹر راجر ٹووز اور آئی سی سی کے ایسوسی ایٹ اراکین کے چیئرمین گرو مورتی پلانی نے بھی جئے شاہ کی دوبارہ تقرری پر مبارکباد دی۔



Source link

متعلقہ پوسٹ