لاہور:
پنجاب میں فضائی آلودگی کی صورتحال مزید سنگین ہوگئی، مختلف شہروں میں ایئر کوالٹی انڈیکس خطرناک حد تک پہنچ گیا، جبکہ لاہور کی فضا بھی انتہائی مضر صحت قرار دی جا رہی ہے۔
آئی کیو ایئر کے مطابق عالمی فضائی آلودگی کی درجہ بندی میں لاہور 368 اے کیو آئی کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا، جبکہ گوجرانوالہ میں فضائی آلودگی کی شرح 562 اور ملتان میں 524 ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب پنجاب کے ایئر کوالٹی ڈیش بورڈ کے مطابق صبح 7 بجے لاہور کا اے کیو آئی 402 ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ روز اسی وقت 347 تھا۔
صوبائی فہرست میں جھنگ 441 اے کیو آئی کے ساتھ پہلے اور لاہور 402 کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا، جبکہ شیخوپورہ 381، پاکپتن 356 اور ساہیوال 348 اے کیو آئی کے ساتھ آلودہ ترین شہروں میں شامل رہے۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی فضائی آلودگی کی شرح انتہائی بلند رہی۔ ملتان روڈ، ڈی ایچ اے فیز 6 اور جی ٹی روڈ کا اے کیو آئی 500 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ایجرٹن روڈ 470، گلبرگ تھری 439 اور شاہدرہ 434 اے کیو آئی کے ساتھ متاثرہ علاقوں میں شامل ہیں۔
آئی کیو ایئر کے اعداد و شمار کے مطابق فیصل آباد میں اے کیو آئی 686، گوجرانوالہ میں 550، شیخوپورہ میں 503 اور ملتان میں 437 ریکارڈ کیا گیا۔
فضائی آلودگی میں اس اضافے نے پنجاب کے شہریوں کی صحت کے لیے خطرات بڑھا دیے ہیں، خصوصاً بچوں، بزرگوں اور سانس کے امراض میں مبتلا افراد کو شدید احتیاط کی ضرورت ہے۔

