پولینڈ میں روسی میزائل کے فضائی حدود میں داخل ہونے کی اطلاعات کے بعد ملک میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔
یہ واقعہ 20 نومبر 2026 کو یوکرین پر روس کے بڑے میزائل اور ڈرون حملوں کے دوران پیش آیا۔
پولینڈ کی مسلح افواج کے آپریشنل کمانڈ کے مطابق ریڈار پر ایک نامعلوم فضائی شے کی نشاندہی ہوئی، جس کے بارے میں شبہ ہے کہ اس نے یوکرین کی سرحد عبور کرکے پولینڈ کی فضائی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی۔
اطلاعات کے مطابق پولینڈ کے مشرقی صوبے لوبلسکی کے گاؤں نووی لیپووِیچ کے قریب ایک نامعلوم شے گرنے اور دھماکے کی اطلاع ملی۔ مقامی رہائشیوں نے بھی زور دار دھماکے کی آواز سننے کی تصدیق کی۔
پولینڈ کے حکام نے علاقے میں پولیس، فوج اور امدادی ٹیمیں روانہ کردیں، جبکہ پراسیکیوٹرز نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ حکام فی الحال اس بات کی تصدیق نہیں کرسکے کہ گرنے والی شے روسی میزائل تھا یا ڈرون۔
روسی حملوں کے پیش نظر پولینڈ نے اپنے جنگی طیارے فضا میں بھیجے اور فضائی دفاعی نظام کو فعال کردیا۔ لوبلسکی اور پوڈکارپاسکی صوبوں میں فضائی خطرے کے انتباہات بھی جاری کیے گئے، جنہیں بعد میں واپس لے لیا گیا۔

