یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے مغربی ساحل پر واقع رابغ آئل ریفائنری کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، سعودی حکام کی جانب سے حملے کی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایران کے حمایت یافتہ حوثی گروپ نے اتوار کو بیان میں کہا کہ اس نے بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع سعودی عرب کی رابغ آئل ریفائنری کے خلاف فوجی کارروائی کی ہے۔
حوثیوں نے دعویٰ کیا کہ حملہ براہ راست ہدف پر لگا، تاہم اس سے ہونے والے ممکنہ جانی یا مالی نقصان کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق سعودی حکام نے فوری طور پر اس دعوے پر کوئی ردعمل نہیں دیا، جس کے باعث حملے اور اس کے ممکنہ نقصانات کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔
رابغ میں پیٹرو رابغ کا بڑا آئل ریفائننگ اور پیٹروکیمیکل کمپلیکس واقع ہے جسے سعودی آرامکو اور جاپانی کمپنی سومیتومو کیمیکل نے مشترکہ طور پر تیار کیا ہے۔ یہ صنعتی کمپلیکس جدہ سے تقریباً 165 کلومیٹر شمال میں بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع ہے۔
حوثی گروپ حالیہ مہینوں کے دوران سعودی عرب کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر متعدد حملوں کے دعوے کر چکا ہے، جن میں مشرق و مغرب آئل پائپ لائن اور جازان اور راس تنورہ کی ریفائنریز بھی شامل ہیں۔
تاہم سعودی حکام نے ان ریفائنریز پر حملوں کی بھی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔
رائٹرز کے مطابق خطے میں جولائی سے جاری نئی لڑائی کے دوران حوثیوں نے یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کے خلاف کارروائیاں تیز کی ہیں اور سعودی ہوائی اڈوں اور توانائی کی تنصیبات کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنانے کے دعوے بھی کیے ہیں۔
دوسری جانب سعودی عرب نے اپنے یمنی اتحادیوں کی حمایت میں حوثی ٹھکانوں پر فضائی حملوں میں اضافہ کیا ہے۔

