امریکی انتظامیہ اور ایران کے درمیان کشیدگی سے مشرق وسطی کی خراب صورتحال، بزنس کانفیڈنس انڈیکس میں 36 پوائنٹس کی کمی اور رول اوور ویک کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں بدھ کو محدود اتارچڑھاو کے بعد مندی رہی تاہم انڈیکس کی 1لاکھ 78ہزار پوائنٹس کی سطح مستحکم رہی۔
مندی کے سبب 47.10فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جبکہ سرمایہ کاروں کے 25ارب 26کروڑ 29لاکھ 73ہزار 034 روپے ڈوب گئے۔
کاروبار کے آغاز پر آٹوموٹیو، پاور جنریشن اور ٹیکسٹائل سیکٹر میں خریداری سرگرمیوں کے باعث تیزی سے ہوا جس سے ایک موقع پر 375پوائنٹس کی تیزی بھی رونما ہوئی لیکن بینکنگ سیکٹر سمیت دیگر شعبوں میں پرافٹ ٹیکنگ اور پرانے سودوں کے تصفیوں کے باعث جاری تیزی مندی میں تبدیل ہوگئی جس سے ایک موقع پر 435پوائنٹس کی مندی بھی ہوئی تاہم اختتامی لمحات میں نچلی قیمتوں پر خریداری سرگرمیوں سے مندی کی شدت میں قدرے کمی واقع ہوئی۔
نتیجتا کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 421.03پوائنٹس کی کمی سے 178121.25پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، کے ایس ای 30 انڈیکس 164.81پوائنٹس کی کمی سے 52033.30 پوائنٹس، کے ایس ای آل شئیر انڈیکس 139.25پوائنٹس کی کمی سے 106749.64پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 761.79 پوائنٹس کی کمی سے 257356.10پوائنٹس پر بند ہوا۔
کاروباری حجم منگل کی نسبت 0.13 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر 64کروڑ 38لاکھ 69ہزار 072 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 501 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 232 کے بھاو میں اضافہ 236 کے داموں میں کمی اور 33 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں دی تھل انڈسٹریز کارپوریشن کے بھاو 80.53روپے بڑھکر 1004.06 روپے اور یونی لیور پاکستان فوڈز کے بھاو 78روپے بڑھکر 26325.50روپے ہوگئے جبکہ پاکستان سروسز لمیٹڈ کے بھاو 37.04روپے گھٹ کر 1212.15 روپے اور جی او سی پاکستان لمیٹڈ کے بھاو 23.82 روپے گھٹ کر 214.43روپے ہوگئے۔

