’عورت کو بہادر ہونا چاہیے‘: کلر کہار کی جیٹ سکی انسٹرکٹر فرحت جبین

400246 1701806943


پاکستانی انسٹرکٹر فرحت جبین کلر کہار جھیل کے پانیوں پر جیٹ سکی چلاتے ہوئے اس کے ہینڈل مضبوطی سے تھامے تیزی سے موڑ کاٹتی ہیں اور پانی کی بوندوں کو فضا میں اچھال دیتی ہیں۔

فرحت پاکستان میں جیٹ سکی چلانے والی خواتین میں پیش پیش ہیں، جہاں آبی کھیلوں پر عموماً مردوں کا غلبہ ہے۔

ملک کے قدامت پسند سماجی رسم و رواج بھی خواتین کو مرد سواروں کے پیچھے اس چھوٹی، انجن سے چلنے والی آبی سواری پر بیٹھنے کی حوصلہ شکنی کرتے ہیں۔

فرحت جبین کے آگے بیٹھی ایک خاتون مسافر نے انہیں مضبوطی سے تھام رکھا تھا اور وہ جیٹ سکی کو مہارت سے چلاتے ہوئے خاصی پُرجوش دکھائی دے رہی تھیں۔

35 سالہ فرحت جبین نے اسلام آباد سے 125 کلومیٹر جنوب میں واقع خوبصورت جھیل کلر کہار کے کنارے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا: ’ایک عورت کو بہادر ہونا چاہیے۔‘

چار بچوں کی والدہ فرحت گذشتہ دو برس سے خواتین کو جیٹ سکی کی سیر کروا رہی ہیں اور دیگر انسٹرکٹرز کے ساتھ بھی سواری کرتی ہیں۔

ان کی آمد نے قمرالنسا جیسی خواتین سیاحوں اور مہم جوئی کی شوقین خواتین کے لیے ایک بڑی تبدیلی پیدا کی ہے۔

50 سالہ قمرالنسا، جو اپنے طالب علموں کے ساتھ جھیل کی سیر کے لیے آئی تھیں، نے کہا: ’خاتون انسٹرکٹر کی تعیناتی ایک قابلِ تعریف اقدام ہے۔‘

فرحت جبین کے ساتھ سواری کرنے کے بعد انہوں نے مزید کہا: ’ان کی مہارت بہت اچھی تھی۔ مجھے واقعی بہت مزہ آیا۔‘

فرحت نے اے ایف پی کو بتایا کہ جب انہوں نے یہ کام شروع کیا تو وہ ’کچھ خوف زدہ‘ تھیں۔

انہوں نے کہا: ’جب میں پہلی بار اس کام کے لیے یہاں آئی تو یہ بہت مشکل تھا۔ میرے بارے میں بہت سے اعتراضات اٹھائے گئے۔‘

ان کے بقول، ’کچھ لوگوں نے کہا کہ تم ایک عورت ہو، مردوں کے درمیان کیسے کام کرو گی؟‘

ایک سینیئر انسٹرکٹر کی رہنمائی میں فرحٹ جبین نے ایک ماہ تک جیٹ سکی چلانے کے طریقے اور حفاظتی اصول سیکھے۔

اب وہ روزانہ 11 گھنٹے تک کام کرتی ہیں۔ درجنوں افراد کو جیٹ سکی کی سیر کروانے سے پہلے وہ کشتیوں کے انجن چیک کرتی ہیں، سامان صاف کرتی ہیں اور خراب لائف جیکٹس کی سلائی بھی کرتی ہیں۔

’ڈرنے کی کوئی بات نہیں‘

مصروف معمول کے باوجود فرحت جبین کا کہنا ہے کہ وہ اپنے کام سے لطف اندوز ہو رہی ہیں۔

انہوں نے کہا: ’جب میں گھر جاتی ہوں اور شام کو اپنے بچوں سے ملتی ہوں، جب انہیں دیکھتی ہوں تو میری ساری تھکن دور ہو جاتی ہے۔‘

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انسٹرکٹر طارق محمود کے مطابق، علاقائی سیاحتی حکام کی جانب سے جبین کو جیٹ سکی گائیڈ مقرر کرنے سے خواتین سیاحوں کے لیے تفریح کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔

انہوں نے اے ایف پی کو بتایا کہ جب سے جبین نے کام شروع کیا ہے، ’ہمارے لیے خواتین کو ان کے ساتھ جیٹ سکی کی سواری کے لیے بھیجنا بالکل آسان ہو گیا ہے۔‘

کلر کہار میں سیاحت کی ترقی کے ادارے کے منیجر محمد عباس اشرف نے کہا کہ فرحت جبین کی آمد سے خواتین سیاحوں کے لیے کئی رکاوٹیں دور ہوئی ہیں۔

انہوں نے اے ایف پی کو بتایا: ’جب ہم نے پہلی بار جیٹ سکی متعارف کروائی تو یہاں آنے والی خواتین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا، کیونکہ ہم انہیں اپنے ساتھ بٹھا کر سواری نہیں کروا سکتے تھے۔‘

فرحت نے خواتین پر زور دیا کہ وہ ’بہادر‘ بنیں اور روزگار کے مواقع تلاش کرنے سے نہ گھبرائیں۔

انہوں نے کہاؒ ’خواتین کو گھر سے باہر نکلنا چاہیے اور کسی نہ کسی طرح کا کام کرنا چاہیے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ڈرنے کی کوئی بات نہیں۔‘





Source link

متعلقہ پوسٹ