
(24 ںیوز )دبئی پولیس نے سوشل میڈیا پر ویوز اور شہرت حاصل کرنے کے چکر میں خطرناک ڈرائیونگ کرنے والے ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ایک ڈرائیور کو انتہائی لاپرواہی سے گاڑی چلاتے دیکھا گیا۔ خصوصی ٹریفک ٹیموں نے اس ویڈیو کی مدد سے ڈرائیور کا سراغ لگا کر اسے دھر لیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے نہ صرف ایمرجنسی لین کا غلط استعمال کرتے ہوئے دیگر گاڑیوں کو اوور ٹیک کیا بلکہ انتہائی خطرناک انداز میں اچانک لین بھی بدلی، جو کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی تھی۔ کارروائی کے دوران ڈرائیور کی گاڑی ضبط کر کے اس کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
اس واقعے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے دبئی پولیس نے دوٹوک پیغام دیا ہے کہ سڑکیں کرتب دکھانے یا ویڈیوز بنانے کی جگہ نہیں ہیں اور سوشل میڈیا کے ویوز کسی کی قیمتی جان سے بڑھ کر نہیں ہو سکتے۔
رپورٹس کے مطابق قانون شکنی کی اس سنگین حرکت کے بعد اب ڈرائیور کو اپنی ضبط شدہ گاڑی چھڑانے کے لیے 50 ہزار درہم (جو پاکستانی کرنسی میں ساڑھے 37 لاکھ روپے سے زائد بنتے ہیں) کا بھاری جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں :بھارت میں معروف منرل واٹر برانڈ کا پانی غیر معیاری قرار

