لاہور میں منعقدہ چوتھے انٹرنیشنل یوتھ سمٹ میں شریک ایک روسی شہری کے مطابق وہ 2019 میں پہلی بار اسی سمٹ کے لیے پاکستان آئے تھے، لیکن یہاں کے لوگ اتنے اچھے لگے کہ تعلیم مکمل کرنے کے بعد واپس جانے کے بجائے وہ یہیں کے ہو کر رہ گئے اور اب اسلام آباد میں روسی سفارت خانے میں ملازمت کرتے ہیں۔
روسی سفارت خانے کے چیف پروٹوکول افسر کے طور پر کام کرنے والے سرگے شیکالن نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا: ’میں پہلی بار 2019 میں اسی سمٹ میں شرکت کے لیے پاکستان آیا تھا۔ مجھے پاکستان اور یہاں کے لوگ اتنے اچھے لگے کہ میں نے تعلیم مکمل کر کے یہیں رہنے کو ترجیح دی۔
’میں نے روسی سفارت خانے میں نوکری کر لی اور روسی لڑکی سے شادی کر کے اسلام آباد رہتا ہوں۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’یہاں رہ کر اندازہ ہوا کہ پاکستان بہت خوبصورت ملک ہے، یہاں کے لوگ بہت ملنسار اور مہمان نواز ہیں۔‘
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں۔
سرگے شیکالن ان سینکڑوں غیر ملکی نوجوانوں اور شرکا میں شامل ہیں جو مختلف عالمی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان آتے ہیں۔
اسی سلسلے میں لاہور کے شاہی قلعے میں جمعہ (27 نومبر) کو چوتھے انٹرنیشنل یوتھ سمٹ کا اہتمام کیا گیا، جس میں انتظامیہ کے مطابق دنیا کے 60 سے زائد ممالک سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے شرکت کی۔
اس سمٹ کا مقصد دنیا بھر کے نوجوانوں کو پاکستان کی حقیقی تصویر دکھانے کے ساتھ ساتھ انہیں ایک دوسرے سے متعارف کروانے اور جدید ٹیکنالوجی کے حوالے سے تبادلہ خیال کے مواقع فراہم کرنا تھا۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سمٹ کی آرگنائزر غزالہ یوسفزئی نے بتایا کہ وہ ہر سال پاکستان کے مختلف شہروں میں یوتھ سمٹ کا اہتمام کرتے ہیں۔
بقول غزالہ: ’اسلام آباد، کوئٹہ کے بعد اس بار لاہور میں سمٹ کروایا جا رہا ہے۔ اس میں دنیا کے 60 ممالک سے نوجوان شریک ہیں جن میں لڑکیوں کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔
’اس کا مقصد دنیا بھر کے نوجوانوں کو پاکستان کی حقیقی تصویر دکھانا ہے۔ اس کے علاوہ جس طرح جدید ٹیکنالوجی سے دنیا کے لوگ جڑے ہوئے ہیں، اس سمٹ سے بھی دنیا کے مختلف ممالک کے نوجوانوں کو آپس میں ایک دوسرے سے متعارف کروانا ہے۔‘
سمٹ میں شریک ترکی، جنوبی کوریا اور روس کے طلبہ نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں کہا کہ انہیں پاکستان اور خاص طور پر لاہور آ کر بہت اچھا لگا، خصوصاً یہاں کے لوگ اور کھانے بہت پسند آئے۔
طلبہ کے مطابق جو کچھ وہ میڈیا پر دیکھتے اور سنتے ہیں، پاکستان کو اس سے بالکل مختلف پایا۔
بقول طلبہ: ’یہاں نہ صرف امن ہے بلکہ تاریخی مقامات بھی بہت شاندار ہیں، جو اس خطے کی تاریخی اہمیت کے لحاظ سے دلچسپی کا باعث ہیں۔ اس سمٹ میں شرکت سے نہ صرف پاکستان دیکھنے بلکہ دنیا کے مختلف ممالک کے نوجوانوں سے براہ راست ملاقات کرنے کا بھی موقع ملا۔‘
طلبہ کا مزید کہنا تھا کہ یہاں نوجوانوں نے ایک دوسرے کو جدید ٹیکنالوجی، خاص طور پر مصنوعی ذہانت کے ذریعے اپنے اپنے طور پر مؤثر کردار ادا کرنے پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

