افغانستان کے مشرقی صوبے کنڑ میں ہفتے کو ایک سکول میں دھماکے کے نتیجے میں سات افراد جان سے گئے جبکہ 90 سے زائد زخمی ہو گئے۔
صوبے کے ڈائریکٹر اطلاعات و ثقافت سمیع الحق بایان نے بتایا کہ بظاہر دھماکہ سکول سے ملحقہ بارود کے گودام میں ہوا۔
انہوں نے ابتدائی معلومات کے حوالے سے کہا کہ صوبائی دارالحکومت اسد آباد کے مضافات میں واقع سکول میں دھماکہ کان کنی کرنے والی کمپنیوں کے زیر استعمال دھماکہ خیز مواد کے گودام میں غفلت کے باعث پیش آیا۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں
ان کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا 15 زخمی اب بھی ہسپتال میں زیر علاج ہیں جبکہ باقی کو طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا۔
اس سے قبل کنڑ پولیس ہیڈکوارٹرز کے ترجمان فرید دہقان نے بتایا تھا کہ دھماکہ صبح 10 بجے اسد آباد کے مضافاتی علاقے اندر سیر کے ایک سکول میں ہوا۔
سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گاڑیاں زخمی بچوں کو ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں پہنچا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ سکول کی عمارت کی تصاویر بھی سامنے آئی ہیں، جس کا ایک حصہ بظاہر منہدم ہو گیا ہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
افغانستان میں کان کنی ایک بڑی صنعت ہے۔ یہ ملک خام معدنی وسائل سے مالا مال ہے، جن میں لوہے کی دھات، تانبا، سیسہ، زنک، سونا، کوئلہ اور قیمتی پتھر شامل ہیں۔
تاہم کان کنی کرنے والی کمپنیوں میں حفاظتی معیار اکثر ناقص ہوتے ہیں، جس کے باعث حادثات پیش آتے رہتے ہیں۔
کنڑ میں قیمتی پتھروں کی کان کنی میں اضافہ ہو رہا ہے، جہاں مختلف کمپنیاں قیمتی پتھر نکالتی ہیں، جنہیں بعد ازاں نیلامی کے ذریعے فروخت کیا جاتا ہے۔
رواں سال اگست میں افغان دارالحکومت کابل کے ایک سکول کمپلیکس میں دستی بم کے حملے کے نتیجے میں نو سے 14 سال کی عمر کے 40 سے زائد بچے زخمی ہو گئے تھے۔

