اسلام آباد:(نمائندہ خصوصی وائس آف جرمنی ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں پاکستان کی سب سے بڑی ماڈل نرسری تکمیل کے قریب ہے، جو 50 ایکڑ پر محیط ہے اور اس میں دس لاکھ پودے شامل ہوں گے۔ یہ منصوبہ ماحولیاتی تحفظ اور وفاقی دارالحکومت میں اسموگ پر قابو پانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
وزیر داخلہ نے سی ڈی اے ماڈل نرسری پارک روڈ کا دورہ کیا اور مختلف حصوں میں جاری ترقیاتی کاموں اور ماسٹر پلان کا جائزہ لیا۔ انہوں نے نرسری میں بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کے لیے تعمیر کیے گئے خصوصی تالاب کا بھی معائنہ کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ جدید معیار کے مطابق تعمیر کی جانے والی یہ نرسری اسلام آباد کے شہریوں کی باغبانی کی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نرسری میں ایک جدید ترین پھولوں کی دکان اور ٹریننگ انسٹیٹیوٹ بھی قائم کیا جائے گا، جبکہ سی ڈی اے ملازمین کو پودوں کی نگہداشت کی خصوصی تربیت دی جائے گی۔ اس موقع پر انہوں نے آذربائیجان کی ٹیم کی شاندار خدمات کو سراہا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں مون سون کے دوران 25 ہزار مفت پودے تقسیم کیے جا چکے ہیں جبکہ باکو کے ماہرین اس منصوبے میں تکنیکی معاونت فراہم کر رہے ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ نرسری میں جدید کنٹرولڈ وینٹیلیٹڈ گرین ہاؤسز بھی تعمیر کیے گئے ہیں جو پودوں کی افزائش کے لیے مثالی ماحول فراہم کریں گے۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے وزیر داخلہ کو نرسری کے ترقیاتی کاموں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر سی ڈی اے کے اراکین، اے ڈی سی (جی) اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔
