پاک بحریہ نے کومبائنڈ ٹاسک فورس 151 کی کمانڈ برازیل کے حوالے کر دی

Screenshot 20250829 122817 1


پاک بحریہ نے کومبائنڈ ٹاسک فورس 151 (CTF-151) کی کمانڈ کامیابی کے ساتھ برازیلین نیوی کے سپرد کر دی۔ ہیڈکوارٹرز کومبائنڈ میری ٹائم فورسز (CMF) بحرین میں منعقدہ تقریب میں پاک بحریہ کے کموڈور سہیل احمد اعظمی نے کمانڈ برازیلین نیوی کے ریئر ایڈمرل مارسلو لانسیلوٹی کے حوالے کی۔ تقریب کی صدارت CMF کے کمانڈر وائس ایڈمرل جارج ویکوف نے کی۔
پاکستان نے جنوری 2025 میں CTF-151 کی قیادت سنبھالی تھی اور اس دوران مشن کے تحت علاقائی اور بین الاقوامی بحری افواج بالخصوص یورپی یونین نیول فورسز کے ساتھ قریبی تعاون قائم رکھا۔ اس عرصے میں مشترکہ گشتی کارروائیاں ENDURING RESOLVE اور OCEAN WATCH کے نام سے کی گئیں جبکہ نمایاں کامیابی Focused Operation SEA SPIRIT تھی، جس میں 13 ممالک نے حصہ لیا۔
کمانڈ کے اختتام پر کموڈور سہیل احمد اعظمی نے کہا کہ پاک بحریہ کومبائنڈ میری ٹائم فورسز میں فعال کردار ادا کرنے پر فخر محسوس کرتی ہے۔ انہوں نے اپنے عملے اور شراکت دار ممالک خصوصاً جاپان اور کوریا کے تعاون پر اظہارِ تشکر کیا۔
نئے کمانڈر ریئر ایڈمرل مارسلو لانسیلوٹی نے پاک بحریہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام CMF ممالک مل کر بحری راستوں کی حفاظت کو مزید مستحکم بنائیں گے۔
یاد رہے کہ کومبائنڈ ٹاسک فورس 151 جنوری 2009 میں قائم ہوئی تھی اور یہ CMF کے تحت کام کرنے والی پانچ آپریشنل ٹاسک فورسز میں شامل ہے، جو بین الاقوامی بحری راہداریوں کی حفاظت اور خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی کو یقینی بنانے میں سرگرم کردار ادا کرتی ہے۔

متعلقہ پوسٹ